Live Updates

حکومت کا خسارے کا شکار درجنوں سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ، لیسکو کی نجکاری شروع

لیسکو کی نجکاری کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا، ساوتھ سرکل کی تمام ڈویڑنز میں بل ڈسٹری بیوشن بطور پائلٹ پراجیکٹ آوٹ سورس کیا جائیگا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 22 جون 2021 18:34

حکومت کا خسارے کا شکار درجنوں سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ، لیسکو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 22جون2021) حکومت کا پی آئی اے ، اسٹیل مل اور لیسکو سمیت خسارے کا شکار درجنوں سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ، لیسکو کی نجکاری کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لیسکو کی نجکاری کا عمل شروع کر دیا گیا، بجلی کے بلوں کی تقسیم پرائیویٹ سیکٹر کے سپرد کر دی گئی۔ لیسکو کی نجکاری کے حوالے سے ابتدائی طور پر بل ڈسٹری بیوشن کو آوٹ سورس کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

کمپنی کے ساوتھ سرکل میں بلوں کی تقسیم پرائیویٹ سیکٹر کرے گا۔ مراسلے کے مطابق ساوتھ سرکل کی تمام ڈویڑنز میں بل ڈسٹری بیوشن بطور پائلٹ پراجیکٹ آوٹ سورس کیا جائیگا، جس میں ڈیفنس، ڈیفنس ایسٹ، کوٹ لکھپت اور گلبرگ ڈویڑن شامل ہے۔ کسٹمر سروسز ڈائریکٹوریٹ نے ٹینڈر کرنے کی اجازت دیدی ہے، ٹینڈر میں کامیاب ہونیوالے پرائیویٹ کمپنیوں کو ٹھیکہ دیدیا جائیگا، کمپنی فی بل کے حساب سے پرائیویٹ سیکٹر کو ماہانہ لاکھوں روپے کی ادائیگیاں کرے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ یہ ایک مشکل پراسیس ہے تاہم ہم ڈسکوز، پی آئی اے اور اسٹیل ملز سمیت ابتدائی طور پر پندرہ اداروں کی نجکاری پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو بڑھانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے گی تاکہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح میں اضافہ ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو زرعی اجناس میں خود کفیل ملک بنانا ہدف ہے، بجٹ میں زراعت اور دیگر پیداواری شعبوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس سے گروتھ مزید بڑھے گی۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ سے ٹریکل ڈائون ایفکٹ پر انحصار کیا ہے، اس کا اثر آنے میں وقت لگتا ہے، جب تک پائیدار گروتھ نہیں ہوتی تو نچلے طبقے تک اس کے اثرات نہیں پہنچ پاتے، ماضی کی حکومتوں نے غریب لوگوں کو خواب تو دکھائے تاہم ان کی تعبیر کبھی نہیں ہوئی تاہم موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ غریبوں کے خوابوں کی تعبیر ہو۔

شوکت ترین نے کہا کہ تحریک انصاف پہلی حکومت ہے جو غریب لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے، ہم پہلے مرحلے میں غریب لوگوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے قرض دیں گے اور پھر کم آمدنی والے طبقے کے لوگوں کیلئے 40 لاکھ گھروں کی تعمیر کریں گے۔نہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے زراعت کے شعبے کو مکمل طور پر نظرانداز کیا تاہم موجودہ حکومت نے زراعت سمیت دیگر پیداواری شعبوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے بجٹ میں اہم اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ پاکستان زرعی اجناس میں خود کفیل ہو سکے، کسانوں کو کم شرح سود پر قرض ملے گا جس سے انہیں اپنی فصلوں کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے خام میٹریل پر ڈیوٹی ختم کر دی ہے تاکہ ہماری انڈسٹریاں بین الاقوامی سطح کی انڈسٹریوں سے مقابلہ کر سکیں، ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ممکن ہو سکے، اس کے علاوہ سی پیک سپیشل اکنامک زون بنیں گے تو ہماری گروتھ مزید اوپر جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات