Live Updates

’آئینہ دکھارہا ہوں یہ کوئی گناہ نہیں‘ پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی اپنی ہی حکومت پر برس پڑے

بدقسمتی سے لوگوں کوبھکاری بنایا جارہا ہے، احساس پروگرام کی بجائے بجلی اور پٹرول ڈیزل سستا کرلیتے تاکہ غریب کوفائدہ پہنچتا، ادویات کی قیمتیں دگنی ہوچکی ہیں ، بیگم کا خرچہ بھی دگنا ہوگیا ، 15 سے 20 ہزارکمانے والا اپنے خرچے پورے نہیں کرسکتا۔ حکومتی ایم این اے نورعالم خان کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی منگل 22 جون 2021 19:11

’آئینہ دکھارہا ہوں یہ کوئی گناہ نہیں‘ پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی اپنی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 جون 2021ء ) حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نورعالم خان اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا تعلق پی ٹی آئی سے ہے، اپوزیشن کوخوش کرنے کے لیے بات نہیں کرتا بلکہ آئینہ دکھاتا ہوں ، احساس پروگرام کی بجائے بجلی اور پٹرول ڈیزل سستا کرلیتے تاکہ غریب کوفائدہ پہنچتا لیکن بدقسمتی سے لوگوں کوبھکاری بنایا جارہا ہے اور جب میں نے مہنگائی کے خلاف بات کی تومیرے پیچھے بھی نیب کوبھجوادیا گیا ، حالاں کہ میں تو صرف آئینہ دکھارہا ہوں یہ کوئی گناہ نہیں ہے ، کرپشن کی بات ہورہی ہے توبلاتفریق احتساب ہونا چاہیئے، کرپشن اگرکسی نے کی ہے توکسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

نورعالم خان نے کہا کہ ادویات کی قیمتیں دگنی ہوچکی ہیں ، بیگم کا خرچہ بھی دگنا ہوگیا ، 15 سے 20 ہزارکمانے والا اپنے خرچے پورے نہیں کرسکتا لیکن جب بھی مہنگائی اور لوڈشیڈنگ پربات کرتا ہوں تومجھ پر تنقید ہوتی ہے، عزت اوررزق اللہ دیتا ہے، پرسنیلٹی پرنہیں پاکستان کے آئین پریقین رکھتا ہوں ، بدقسمتی سے حکومت والے عمران خان اور اپوزیشن والے نوازشریف ، آصف علی زرداری کے خلاف بات نہیں سن سکتے ، بجٹ کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا، ایک دوسرے پرکتابیں پھینکی گئیں اور ماؤں ، بہنوں کی گالیاں دی گئیں جو کہ نہایت ہی افسوس کی بات ہے ، چوتھے دن حکومت اوراپوزیشن والے لائن پر آگئے۔

حکومتی رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ میں حقائق پربات کرتا ہوں، پیپلزپارٹی ، ن لیگ اور پی ٹی آئی سمیت سب وزرائے خزانہ کہتے آئے پچھلے برباد کر گئے میں صحیح کر رہا ہوں ، اس کے علاوہ ایوان میں کسی کوعوام کی فکرنہیں ہے ، حالاں کہ ایوان میں ہمیں عوام نے ہی بھیجا ہوا ہے ، لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اورہوتی رہے گی، جب ووٹ لینے جاتے ہیں تواس وقت ان کوووٹ چوری نظرنہیں آتی ، وزرا صاحبان کو دل ، گردہ بڑا کرنا چاہیئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات