Live Updates

3ہزار ارب روپے سے زائد کا خسارہ کس طرح پورا کریں گے ؟پی ٹی آئی رہنما نے بجٹ پر سوالات اٹھادیے

کیا نئے ٹیکس لگائے جائیں گے یا قرضے لیے جائیں گے؟مزید مہنگائی کریں گے تو غریب عوام مر جائے گی،وزیراعظم عمران خان تبدیلی لاناچاہتےہیں لیکن غیر منتخب معاونین خصوصی کا گروپ تبدیلی نہیں چاہتا، جو الیکشن جیت کر نہیں آسکے وہ کیا کریں گے، پی ٹی آئی رہنما طاہر صادق

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 22 جون 2021 19:45

3ہزار ارب روپے سے زائد کا خسارہ کس طرح پورا کریں گے ؟پی ٹی آئی رہنما ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 22جون2021 ) 3ہزار ارب روپے سے زائد کا خسارہ کس طرح پورا کریں گے ؟کیا نئے ٹیکس لگائے جائیں گے یا قرضے لیے جائیں گے؟مزید مہنگائی کریں گے تو غریب عوام مر جائے گی،پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نے اپنی ہی حکومت کے پیش کردہ بجٹ پر سوالات اٹھادیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی میجر(ر) طاہر صادق نے بجٹ 22-2021 پر سوالات اٹھادیے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی میجر (ر) طاہرصادق اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔میجر(ر) طاہرصادق کا کہنا تھا کہ بتائیں 3ہزار ارب روپے سے زائد کا خسارہ کس طرح پورا کریں گے ؟کیا نئے ٹیکس لگائے جائیں گے یا قرضے لیے جائیں گے؟ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم تبدیلی لاناچاہتےہیں لیکن غیر منتخب معاونین خصوصی کا گروپ تبدیلی نہیں چاہتا، جو الیکشن جیت کر نہیں آسکے وہ کیا کریں گے،بیوروکریسی اور کرپشن کو کنٹرول نہ کیا تو اگلا الیکشن نہیں جیت سکیں گے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ چند گندی مچھلیوں کی وجہ سے پورا ایوان بد نام ہو رہا ہے ،ایوان میں گالیاں نکالنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔دوسری جانب حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نورعالم خان اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے نورعالم خان نے کہا کہ میرا تعلق پی ٹی آئی سے ہے، اپوزیشن کوخوش کرنے کے لیے بات نہیں کرتا بلکہ آئینہ دکھاتا ہوں ، احساس پروگرام کی بجائے بجلی اور پٹرول ڈیزل سستا کرلیتے تاکہ غریب کوفائدہ پہنچتا لیکن بدقسمتی سے لوگوں کوبھکاری بنایا جارہا ہے اور جب میں نے مہنگائی کے خلاف بات کی تومیرے پیچھے بھی نیب کوبھجوادیا گیا ، حالاں کہ میں تو صرف آئینہ دکھارہا ہوں یہ کوئی گناہ نہیں ہے ، کرپشن کی بات ہورہی ہے توبلاتفریق احتساب ہونا چاہیئے، کرپشن اگرکسی نے کی ہے توکسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آنا چاہیئے۔

نورعالم خان نے کہا کہ ادویات کی قیمتیں دگنی ہوچکی ہیں ، بیگم کا خرچہ بھی دگنا ہوگیا ، 15 سے 20 ہزارکمانے والا اپنے خرچے پورے نہیں کرسکتا لیکن جب بھی مہنگائی اور لوڈشیڈنگ پربات کرتا ہوں تومجھ پر تنقید ہوتی ہے، عزت اوررزق اللہ دیتا ہے، پرسنیلٹی پرنہیں پاکستان کے آئین پریقین رکھتا ہوں ، بدقسمتی سے حکومت والے عمران خان اور اپوزیشن والے نوازشریف ، آصف علی زرداری کے خلاف بات نہیں سن سکتے ، بجٹ کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا، ایک دوسرے پرکتابیں پھینکی گئیں اور ماؤں ، بہنوں کی گالیاں دی گئیں جو کہ نہایت ہی افسوس کی بات ہے ، چوتھے دن حکومت اوراپوزیشن والے لائن پر آگئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات