بجٹ میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، تیمور جھگڑا

وزیر صحت و خزانہ سے عالمی بینک کے وفد کی ملاقات، باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

منگل 22 جون 2021 23:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2021ء) خیبرپختونخوا کے بجٹ برائے مالی سال 2021-22میں صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ مختلف ٹیکسوں کو ختم، ضم یا ان کی شرح کم کی گئی ہے تاکہ ٹیکسوں کا نظام آسان اور بزنس فرینڈلی ہو۔ ضم اضلاع کی ترقی کے اپنے محاصل سے بھی فنڈز رکھے گئے ہیں۔ حکومت سب سے زیادہ انسانوں پر خرچ کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے عالمی بینک کے کنٹری ہیڈ نجے بن ہسینے کی سربراہی میں آنے والے وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر باہمی تعاون اور جاری منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ صوبائی وزیر نے وفد کو صوبائی حکومت کے مالی سال 2021-22کے بجٹ میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور براہ راست شہریوں کی بہبود کے منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں مختلف شعبوں پر نافذ ٹیکسوں کو ختم کردیا گیا ہے اور کئی ٹیکسوں کو ضم اور کئی ایک کی شرح کم کی گئی ہے۔ یہ اقدامات صوبے میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔ اسی طرح ترقیاتی بجٹ کا ایک بڑا حصہ سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے لیے بھی رکھا گیا ہے۔ نئی سڑکوں کی تعمیر سے شہروں اور دیہات کے درمیان سفر آسان ہو گا جو کہ اقتصادی سرگرمیوں کو مزید دوام بخشے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کی توجہ عوام ہیں اور سب سے زیادہ خرچ شہریوں کو براہِ راست سہولیات فراہم کرنے والے منصوبوں پر کیا جا رہا ہے۔ صوبے میں عام شہریوں کو بہترین صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے دیہاتوں میں قائم بنیادی مراکز صحت اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ کوارٹر ہسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بجٹ میں فنڈز رکھے گئے ہیں۔ ضم اضلاع سمیت صوبے بھر میں پینے کے صاف پانی کے منصوبوں کے لیے پہلے سے زیادہ فنڈز رکھے گئے ہیں۔

ضم شدہ اضلاع میں وفاقی حکومت کے تعاون کے علاؤہ اپنے محاصل سے بھی خطیر فنڈز خرچ کر رہے ہیں۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے محاصل کو پہلے سے زیادہ کرنے پر بھی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور آئندہ مالی سال میں 75 ارب روپے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔ اس موقع پر عالمی بینک کے کنٹری ہیڈ نجے بن ہسینے نے صوبائی بجٹ کو بہترین قرار دیا اور خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ جاری باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا