پاکستان میں بلدیاتی انتخابات رواں سال اکتوبر میں ہونے جا رہے ہیں،اکبر ایوب خان

پاکستان میں بلدیاتی نظام کی مضبوطی کیلئے یورپی یونین کے تعاون کو سراہتے ہیں،صوبائی وزیر

بدھ 23 جون 2021 00:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2021ء) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات، دیہی ترقی و پارلیمانی امور اکبر ایوب خان نے یورپی یونین کی جانب سے پاکستان میں بلدیاتی نظام کی مضبوطی کیلئے فراخدلانہ تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ خیبرپختونخوا میں سابق فاٹا کے نئے اضلاع کی شمولیت اور صوبے کو درپیش دیرینہ چیلنجوں بالخصوص نوجوانوں کی کم شرح خواندگی کے پیشِ نظر یورپی یونین کی معاونت میں نمایاں اضافہ اور باہمی خیرسگالی کو تقویت دی جائے گی انہوں نے انکشاف کیا کہ انکی صوبائی حکومت کی پرزور سفارش پر پاکستان میں بلدیاتی انتخابات اس سال اکتوبر میں ہونے جا رہے ہیں اور واضح کیا کہ اس مقصد کیلئے نہ صرف صوبائی حکومت کی تمام تیاریاں مکمل ہیں بلکہ ہم نے یہ تیاری بہت پہلے کر لی تھی البتہ کوویڈ19 کی وباء نے ہماری کوششوں پر پانی پھیر دیا تھا وہ مقامی ہوٹل میں یورپی یونین اور لوکل کونسل ایسوسی ایشنز (ایل سی ایز) کے مابین شراکت داری کے فروغ پر جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں یورپی یونین کی سفیر عزت مآب انڈرولہ کمینارا بطور خاص شریک ہوئیں جبکہ اجلاس سے وفاق اور چاروں صوبوں سے ایل سی ایز کے صدور و ممبران نے بھی خطاب کیا اور اپنی تجاویز و سفارشات پیش کیں جن پر یورپی یونین اور صوبائی حکومت کی جانب سے بھرپور عمل درآمد اور معاونت کا یقین دلایا گیا ایل سی ایز کے نمائندوں میں خیبرپختونخوا کونسل کے نائب صدر سید قاسم علی شاہ، ممبران بورڈ آف گورنرز یوسف ایوب خان، اسرار اللہ خان ایڈوکیٹ، شمائلہ تبسم، نصرت آرا، مرکزی صدر میاں راجن سلطان پیرزادہ، صدر پنجاب فوزیہ خالد وڑائچ، صدر سندھ سید کمیل حیدر شاہ، صدر بلوچستان عابد لہری، مرکزی مشیر انور حسین، ٹیم لیڈر جاوید حسن اور صوبائی کوآرڈینیٹر ثناء اللہ خان شامل تھے جبکہ یورپی یونین ہیڈکوارٹر سے لوکل گورنمنٹ ایڈوائزر و مشیر لوسی سلیک نے اجلاس سے آن لائن خطاب کیا اور بلدیات کے حوالے سے صوبائی حکومت کے اقدامات سراہنے کے علاؤہ اس ضمن میں پاک ای یو دیرینہ تعاون اور آئندہ لائحہ عمل پر روشنی ڈالی اس موقع پر بلدیاتی نظام کیلئے مخلصانہ اقدامات پر ایل سی ایز کے بانی صدر اور سابق وزیر بلدیات یوسف ایوب خان کی خدمات کا برملا اعتراف بھی کیا گیا جبکہ اجلاس سے خطاب میں صوبائی وزیر بلدیات نے یہ بھی واضح کیا کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں سابقہ بلدیاتی انتخابات بھی پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق نئے نظام کے تحت کرائے اور اسے اتنی عوامی پذیرائی ملی کہ ہم اگلے عام انتخابات میں بھی دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں ہم نے جہاں بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کے فنڈز سے ماورا ایک ارب روپے کے خطیر فنڈز مختص کئے ہیں وہاں بلدیاتی نظام کیلئے کھربوں روپے کے تیس فیصد ریکارڈ وسائل مہیا کر رہے ہیں نیز نظام کی خامیاں بھی بروقت دور کر دی گئی ہیں تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ گراس روٹ لیول پر اتنے ہمہ گیر بلدیاتی نظام کو کامیابی سے چلانے کیلئے یہ وسائل بھی ناکافی ہیں ایسے میں ہم یورپی یونین جیسے ترقی یافتہ دوست ممالک کے تعاون کا خندہ پیشانی سے خیرمقدم کریں گے اکبر ایوب خان نے کہا کہ پاکستانی احسان فراموش قوم نہیں ہم نے عالمی برادری کے احسان کا بدلہ ہمیشہ احسان اور نیکی سے دیا ہے اور مستقبل میں بھی ہمارا یہی وطیرہ رہے گا ہماری اس ضمن میں یورپی یونین سے کافی بہتر توقعات بھی ہیں انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے سے کہا کہ ہم پہلے بھی تیاری کے باوجود کوویڈ19 کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات اسلئے بھی نہیں کرا سکتے تھے کہ ان انتخابات میں کونسل ممبران کی تعداد حقیقت پسندانہ بنیاد پر کم رکھنے کے باوجود صرف امیدواروں کی تعداد ایک ہزار سے بڑھ جانی تھی اور ایسے میں اگر وہ لاکھوں کی تعداد میں ووٹرز کو باہر نکالتے تو حکومت اور عوام دونوں کیلئے وباء پھیلنے کی شکل میں نیا مسئلہ کھڑا ہو جاتا اس موقع پر مقررین نے بلدیاتی نظام بالخصوص کوکل کونسلوں کی تشکیل و مضبوطی میں یورپی یونین کے تعاون کو سراہا جبکہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور اس بلدیاتی اداروں کیلئے خاطر خواہ وسائل کی تخصیص پر خیبرپختونخوا حکومت کی کاوشوں کی بھی دل کھول کر تعریف کی