پی ایس ایل 6 ایلیمنیٹر2، اسلام آباد یونائیٹڈ کا پشاور زلمی کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف

حسن علی کی دھواں دھار بلے بازی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 جون 2021 23:04

پی ایس ایل 6 ایلیمنیٹر2، اسلام آباد یونائیٹڈ کا پشاور زلمی کو جیت کے ..
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیدیا۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کے پہلے ہی اوور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو اس وقت نقصان پہنچا جب کولن منرو کی جانب سےکھیلا گیا شاٹ دوسرے اینڈ پر وکٹ سے جا ٹکرایا اور باؤلر شعیب ملک نے رن آؤٹ کی اپیل کردی۔

ٹھوس شواہد نہ ہونے کے باوجود تھرڈ امپائر نے دوسرے اینڈ پر موجود عثمان خواجہ کو آؤٹ قرار دے دیا۔ اگلے ہی اوور میں محمد عرفان نے وکٹ کیپر محمد اخلاق کو چلتا کرکے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی۔

(جاری ہے)

کولن منرو کا ساتھ دینے برینڈن کنگ آئے اور دونوں نے 56 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی۔ برینڈن کنگ نے کیچ ڈراپ ہونے کے بعد عماد بٹ کو چھکا لگایا لیکن ایک اور چھکا لگانے کی کوشش میں آل راؤنڈر کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے 18رنز بنائے۔

کولن منرو نے 44 رنز کی اننگز کھیلی، کامران اکمل وکٹوں کے عقب میں ان کا آسان کیچ نہ پکڑ سکے لیکن ایک گیند بعد ہی عرفان نے پھر انہیں آؤٹ کردیا۔ 98 کے مجموعی سکور پر یونائیٹڈ کو پانچواں نقصان پہنچا جب افتخار احمد 10 رنز بنانے کے عبد چلتے بنے۔شاداب خان 16 گیندیں کھیل کر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ، آصف علی کی اننگز بھی 8 رنز پر تمام ہوئی۔ آج کے میچ کی فاتح ٹیم جمعرات کے روز فائنل میں ملتان سلطانز کے مدمقابل ہو گی۔

لیگ کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ پشاور زلمی نے دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔ میچ کے لیے پشاور زلمی وہاب ریاض(کپتان)، کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، جونو ویلز، صہیب مقصود، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، عماد بٹ، عمید آصف، محمد عرفان، محمد عمران پر مشتمل ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شاداب خاب(کپتان)، عثمان خواجہ، کولن منرو، برینڈن کنگ، افتخار احمد، آصف علی، محمد اخلاق، حسن علی، محمد وسیم، فہیم اشرف، عاکف جاوید شامل ہیں۔