لاہور میں بدبخت اولاد نے جائیداد کیلئے 85 سالہ بزرگ والد کو اغوا کرکے قید کر دیا

بیٹیوں کا والد کی بازیابی کیلئے عدالت سے رجوع، عدالت نے پولیس کو اغوا اور قید کے جرم میں بیٹوں سے متعلق مزید تفتیش کرنے کا حکم دے دیا ہے، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 22 جون 2021 23:35

لاہور میں بدبخت اولاد نے جائیداد کیلئے 85 سالہ بزرگ والد کو اغوا کرکے ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 جون2021ء ) لاہور میں خون سفید ہو گیا، بدبخت اولاد نے جائیداد کیلئے 85 سالہ بزرگ والد کو اغوا کرکے قید کر دیا، واقعے کا معوم ہونے کے بعد عدالت نے ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لے لیا- تفصیلات کے مطابق لاہور میں جائیداد کی خاطر سفاک بیٹوں نے ضعیف العمر باپ کو قید کرلیا۔ نجی ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں جائیداد کی خاطر بیٹوں نے ضعیف العمر باپ کو قید کرلیا، بیٹیوں نے باپ کی بازیابی کے لیے سیشن کورٹ سے رجوع کرلیا۔

بیٹیوں نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ مانگا منڈی میں 20 کنال اراضی پر قبضے کے لیے بھائیوں نے والد کو اغوا کیا۔ عدالتی حکم پر 85 سالہ بزرگ کو بیٹوں سے بازیاب کرواکر عدالت میں پیش کردیا گیا۔ عدالت نے بزرگ شہری سے استفسار کیا کہ آپ کس کے ساتھ جانا چاہتے ہیں جس پر بزرگ نے بیٹیوں کے ساتھ جانے کی خواہش کی۔

(جاری ہے)

عدالت نے باپ کو بیٹیوں کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔

عدالت نے پولیس کو والد کے اغوا اور قید کے جرم میں بیٹوں سے متعلق مزید تفتیش کرنے کا حکم دے دیا ہے- واضح رہے کہ اسی طرح کا افسوسناک واقعہ گزشتہ ماہ کراچی میں پیش آیا تھا، جائیداد کے تنازع پر 60 سالہ شخص کو مبینہ طور پر بیٹے نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ نیو کراچی کا رہائشی طاہر حنیف خاندانی املاک میں اپنا حصہ مانگ رہا تھا، والد نے جائیداد میں حصہ دینے سے انکار کردیا تھا۔ بیٹے کے تشدد کے باعث بزرگ شہری شدید زخمی ہونے کی وجہ سے دم توڑ گئے تھے۔