اسلام آباد یونائیٹڈ کا سفر تمام، پشاور زلمی پی ایس ایل 6 کے فائنل میں پہنچ گئی

وہاب ریاض الیون نے 175 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، 24 جون کو فائنل میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کا ٹاکرا ہوگا

muhammad ali محمد علی بدھ 23 جون 2021 00:51

اسلام آباد یونائیٹڈ کا سفر تمام، پشاور زلمی پی ایس ایل 6 کے فائنل میں ..
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 جون 2021ء ) اسلام آباد یونائیٹڈ کا سفر تمام، پشاور زلمی پی ایس ایل 6 کے فائنل میں پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی چوتھی مرتبہ پی ایس ایل فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔ وہاب ریاض الیون نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 175 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، جس کے بعد 24 جون کو فائنل میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کا ٹاکرا ہوگا۔

پشاور زلمی کے حضرت اللہ زازائی نے 66 رنز کی دھواں دار اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں کلیڈی کردار ادا کیا۔ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

اننگز کے پہلے ہی اوور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو اس وقت نقصان پہنچا جب کولن منرو کی جانب سےکھیلا گیا شاٹ دوسرے اینڈ پر وکٹ سے جا ٹکرایا اور باؤلر شعیب ملک نے رن آؤٹ کی اپیل کردی۔ ٹھوس شواہد نہ ہونے کے باوجود تھرڈ امپائر نے دوسرے اینڈ پر موجود عثمان خواجہ کو آؤٹ قرار دے دیا۔ اگلے ہی اوور میں محمد عرفان نے وکٹ کیپر محمد اخلاق کو چلتا کرکے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی۔

کولن منرو کا ساتھ دینے برینڈن کنگ آئے اور دونوں نے 56 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی۔ برینڈن کنگ نے کیچ ڈراپ ہونے کے بعد عماد بٹ کو چھکا لگایا لیکن ایک اور چھکا لگانے کی کوشش میں آل راؤنڈر کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے 18رنز بنائے۔ کولن منرو نے 44 رنز کی اننگز کھیلی، کامران اکمل وکٹوں کے عقب میں ان کا آسان کیچ نہ پکڑ سکے لیکن ایک گیند بعد ہی عرفان نے پھر انہیں آؤٹ کردیا۔

98 کے مجموعی سکور پر یونائیٹڈ کو پانچواں نقصان پہنچا جب افتخار احمد 10 رنز بنانے کے عبد چلتے بنے۔شاداب خان 16 گیندیں کھیل کر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ، آصف علی کی اننگز بھی 8 رنز پر تمام ہوئی۔ آج کے میچ کی فاتح ٹیم جمعرات کے روز فائنل میں ملتان سلطانز کے مدمقابل ہو گی۔ لیگ کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ پشاور زلمی نے دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔

میچ کے لیے پشاور زلمی وہاب ریاض(کپتان)، کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، جونو ویلز، صہیب مقصود، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، عماد بٹ، عمید آصف، محمد عرفان، محمد عمران پر مشتمل ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شاداب خاب(کپتان)، عثمان خواجہ، کولن منرو، برینڈن کنگ، افتخار احمد، آصف علی، محمد اخلاق، حسن علی، محمد وسیم، فہیم اشرف، عاکف جاوید شامل ہیں۔