ہمارا اتحادیوں کے ساتھ تعلق کچے دھاگے سے بندھا ہوا نہیں ہے‘ فردوس عاشق

لاہور میں دھماکہ افسوس ناک ہے ، واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں، بہت جلد تمام حقائق کو میڈیا کے سامنے لایا جائے گا

بدھ 23 جون 2021 22:32

ہمارا اتحادیوں کے ساتھ تعلق کچے دھاگے سے بندھا ہوا نہیں ہے‘ فردوس عاشق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2021ء) معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جوہر ٹائون لاہور میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت تیزی سے واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے اور بہت جلد تمام حقائق کو میڈیا کے سامنے لایا جائے گا۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے زخمیوں کا علاج معالجہ کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوںکے پسماندگان کو معاوضہ اورزخمیوں کو علاج معالجے کی ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈسٹرکٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے عزم اور تبدیلی کے خواب کی عملی تعبیر گڈ گورننس ہے ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی نے کرپشن کے ناسور کا خاتمہ کرکے عوام کو ریلیف دیا ہے۔اس کا سہرا حکومت کی ڈیجیٹل سوچ کو جاتا ہے۔

سرکاری محکموں کو عوام کو ریلیف دینے میں مرہم بننا ہے۔عوام کے زخموں کو بھرنا ہے۔ پنجاب میں شاہی خاندان کے حواریوں کو جواب دینا ہے۔ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ ہمارا اتحادیوں کے ساتھ تعلق کچے دھاگے سے نہیں بندھا ہوا۔یہ اتحاد ایک ملاقات سے کمزور نہیں ہوسکتا ہے۔ایک دوسرے سے میل ملاپ سیاست کا حسن ہے۔ آصف زرداری سندھ کے عوام کی فکر کریں۔

ہم پنجاب میں عوام اور کسان دوست اور مزدور کیلئے بہترین بجٹ پیش کرچکے ہیں۔اگلے دوسال بھی پی ٹی آئی عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے۔ملک کو عدم استحکام کا شکارکرنے کا کوئی حربہ اور سازش کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عوام کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے سہولت فراہم کررہا ہے۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں اربن یونٹ کے تعاون سے آن لائن پورٹل کا قیام عمل میں لایا گیا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کے صوابدیدی اختیار ختم کردیا گیا ہے۔یونیورسل نمبر پلیٹ کے اجراء سے پورا صوبہ ایک پنجاب بن گیا ہے۔سمارٹ کارڈ کا اجراء انقلابی منصوبہ ہے اس سے بھاری بھر کم بکس اور فائلز میں ہیرا پھیری کا خاتمہ یقینی بنا یا جارہا ہے۔اوپن ٹرانسفر کا خاتمہ کرکے بائیو میٹرک نظام متعارف کروا دیا گیاہے۔ نادرا کے ذریعے سہولت سنٹر کو محکمہ کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔

کوئی کسی بھی جگہ نادرا سنٹر جاکر اپنے ٹرانسفر کرسکتا ہے۔ ای پیمنٹ کے ذریعے اپنے ذمہ واجبات گھر بیٹھ کر ادا کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لگژری گاڑیوں کی ٹیکس چوری کا خاتمہ کردیا گیا ہے اور تمام اضلاع میں ٹیکس کی شرح برابر کر دی گئی ہے۔جبکہ پر کشش نمبر پلیٹ لینے والے پرکشش نمبر زکی آن لائن بڈنگ کے ذریعے اپنی پسند کا نمبر لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں 16سرکل کو بڑھا کر ڈی جی اور ای ٹی او کی کاوشوں سے وسیع کردیا گیاہے۔نئی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو بھی ٹیکس نیٹ میں لارہے ہے اور اب تک ٹیکس میں 2ارب کا اضافہ ہوا ہے جبکہ بیوہ گان اور مطلقہ خواتین کو ٹیکس معاف کرکے ریلیف دیا ہے۔عوام کو ٹیکس کے متعلق مشکلات سے نجات دلانے کا عزم ہے۔