ریلوے کے زیادہ ترحادثات ٹریس پاسنگ کی وجہ سے ہو تے ہیں،شعیب عادل

بدھ 23 جون 2021 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2021ء) پاکستان ریلوے کے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنزمیں ریلوے ٹریک سیفٹی کیمپین کی میڈیا کی سٹر یٹیجی سے متعلق اہم میٹنگ ہوئی ۔میٹنگ میں آنیوالے شرکاء کو ریلوے ٹریک سیفٹی کیمپین کے حوالے سے چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ شعیب عادل اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشن پاکستان ریلوے ناز یہ جبین نے مکمل آگاہی فراہم کی ۔

چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ شعیب عادل نے ریلوے ٹریک سیفٹی کیمپین کے حوالے سے بات کر تے ہوئے کہا -" ریلوے کے زیادہ ترحادثات ٹریس پاسنگ کی وجہ سے ہو تے ہیں۔ ہمارے نزدیک لوگوں کی جانوں کی بہت زیادہ اہمیت ہے اور ہم بھرپورطریقے سے ان کی حفاظت چاہتے ہیں " انہوں نے کہا آپ کی وساطت سے ٹریس پاسنگ کے حوالے سے لوگوں کو شعور دینا چاہتے ہیں تا کہ عوام اس جگہ سے ٹریک کراس کریں جہاں سے باقاعدہ جگہ مخصوص کی گئی ہے باقی جگہوں سے ٹریک کراس کرنے سے لوگوں کی جان کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ماضی میں ایسے کئی حادثات ہوے ہیں جن میں لوگ احتیاط نہ برتنے سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ڈائریکٹر پبلک ریلیشن پاکستان ریلوے ناز یہ جبین کا کہنا تھا " سیفٹی مہم کی کامیابی کے لئے تمام حکومتی میڈیا فو رمزاور ان کے تعاون کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں میںریلوے ٹریک کراس کرنے اور اپنی جان بچانے سے متعلق آگاہی کو کامیاب بناتے ہوئے ٹریس پاسنگ کے حادثات میں کمی لائی جائے "۔

اس حوالے سے تمام شرکت کرنے والے محکموں کے افسران اس بات سے متفق تھے کہ پاکستان ریلوے کی پبلک سیفٹی مہم جس کا مرکز لوگوں کا تحفظ ہے اس کی آگاہی میں پاکستان ریلوے کا بھر پور ساتھ دیتے ہوئے اپنے میڈیا فورمز کا بھی استعمال کریں گے۔ اس کے علا وہ ریڈیوپاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کے نمائندوں نے اس بات کی یقین دہائی کرائی ہے کہ ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کے کرنٹ افئیراور نیوز پروگراموں میں پاکستان ریلوے کے لئے ان ایشوز کو اجاگر کیا جائے گا ۔

اس کے علاوہ شرکاء نے تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ پمفلٹ ، بینرز مختلف سمینار اور ریلوے کے سٹیشن ماسٹر حضرات سکول/کالجزمیں بھی جاکر سیفٹی کے حوالے سے اپنا موقف سامنے رکھ سکتے ہیں تاکہ سکول/کالجز کے بچوں میں شعور بیدار کیا جا سکے۔ یہ بھی تجویز دی گئی کہ لوکل نیوز پیپرزمیں بھی اشتہارات کے ذ ریعے علاقائی سطح پر لوگوں کو متنبہ کیا جائے۔اس کے علاوہ کمشنرز اور لوکل گورنمنٹ کے نمائندوں کو بھی آن بورڈ لیا جائے ۔

میٹنگ میں ریڈیو پاکستان کے ڈپٹی کنٹرولر سیم اللہ نجم ڈپٹی جنرل منیجر آپریشن پیمرا قاسم احمد بیورو چیف اے پی پی طالب بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ عظمی سلیم اور پاکستان ٹیلی ویژن کے شکیل اعوان اورڈی جی پی آر کے ڈپٹی ڈائریکٹر عامر رؤف خواجہ نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :