لارڈ طارق احمد اور برطانوی ہائی کمشنر کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے، عالمی برادری بھی تعاون کرے ، وزیر خارجہ

بدھ 23 جون 2021 23:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2021ء) برطانیہ کے منسٹر آف سٹیٹ برائے ساؤتھ ایشیاء و کامن ویلتھ لارڈ طارق احمد آف ویمبلڈن نے اسلام آباد میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جسمیں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر بھی اس موقع پر موجود تھے،دوران ملاقات، کرونا وبائی صورتحال ،پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور کرونا ویکسین کے عمل کو تیزی سے مکمل کرنے کے حوالے سے برطانوی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم نے وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں، محدود وسائل کے باوجود سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی سے کرونا وبا کی تیسری لہر کا مقابلہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہمیں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش ہے ،اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے عالمی برادری کو مل کر کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی ،پاکستان، اقتصادی ترجیحات پر عمل پیرا ہے ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نھے کہاکہ برطانیہ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے متمنی ہیں۔وزیر خارجہ نے برطانوی وزیر لارڈ طارق احمد کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کے یک-طرفہ بھارتی اقدامات کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، خطے میں معاشی استحکام اور روابط کے فروغ کیلئے افغانستان میں قیام امن کو ناگزیر سمجھتا ہے، وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے باعث، افغانستان کی صورتحال نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے ۔

وزیر خارجہ نے برطانیہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں، پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے، لارڈ طارق نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا ۔لارڈ طارق احمد اور برطانوی ہائی کمشنر نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی