وہاڑی ، موٹر سائیکل چوری کے الزام میں گرفتار ملزم دور ان حراست ہلاک

ذمے دار پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی تحقیقات کے بعد کی جائے گی، آر پی او ملتان

جمعرات 24 جون 2021 18:00

ٹبہ سلطان پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2021ء) وہاڑی کے تھانہ ٹبہ سلطان پور میں موٹر سائیکل کی چوری کے الزام میں گرفتار ملزم دورانِ حراست ہلاک ہو گیاپولیس کے مطابق ملزم کی ہلاکت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔پولیس تھانہ ٹبہ سلطان پور نے موٹر سائیکل چوری کے الزام میں گزشتہ روز لودھراں کے رہائشی مبینہ ملزم محمد ریاض کو گرفتار کیا تھا جس کی دورانِ حراست حالت خراب ہو گئی۔

(جاری ہے)

ملزم کو مقامی ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا، واقعہ کے بعد تھانے کا عملہ غائب ہو گیا اور اس کی اطلاع ملتے ہی آر پی او ملتان سید خرم علی اور ڈی پی او وہاڑی امیر عبد اللّٰہ خان نیازی تھانہ ٹبہ سلطان پور پہنچے۔آر پی او ملتان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، ابتدائی طور پر ملزم کے جاں بحق ہونے کی وجہ دل کا دورہ بیان کیا جا رہا ہے، مزید تفصیلات پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گی۔آر پی او ملتان سید خرم علی نے کہا کہ ذمے دار پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی تحقیقات کے بعد کی جائے گی۔