وزیراعظم لنگرخانے کھول رہے ہیں، وزیردفاع کہتے ہیں غربت ختم ہوگئی،سکندرحیات

جمعرات 24 جون 2021 21:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2021ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے کہاہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی سمت معلوم نہیں ایک طرف وزیر اعظم لنگر خانے کھول رہا ہے تو دوسری طرف وزیر دفاع کہہ رہے ہیں کہ ملک میں غربت ختم ہوگئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے حلقہPK-58کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں پارٹی کی تنظیموں امور،رابطہ عوام مہم اور لوگوں کے بنیادی مسائل میں ہوشربا اضافہ کو اجاگر کرنے کے حوالے سیر حاصل بحث ہوئی۔سکندر شیرپائو نے پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے ساتھ اپنا رابطہ مضبوط بنائے اور ان کے مسائل و مشکلات کو اجاگر کرنے کیلئے اپنی توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ دور حکومت میں مہنگائی چار سو گنا بڑھ چکی ہے ۔

غریب طبقہ پس کر رہ گیا ہے ۔حکمران تمام سطحوں پر ناکام ہوچکے ہیں اور اس سے بہتری کی کوئی امید نہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ کچکول توڑنے والوں نے ملک کے ہر فرد کوتقریباً 172727روپے مقروض کرکے موٹرویز اور ہوائی آڈوں کو گروی رکھ دیا۔انھوںنے حکمرانوں کی معاشی بہتری کے دعوئوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ معاشی بہتری کے ثمرات جب تک عوام کو نہیں ملتے اس وقت تک حکومتی معاشی پالیسیوں کو درست نہیں کہاجاسکتا۔

انھوں نے نیشنل الیکٹرک سٹی پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے اسے صوبوں کے حقوق کے خلاف سازش قرار دیا۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے حقوق کا دفاع کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور اس کی کارکردگی سے عیاں ہوچکا ہے کہ اسے مرکز سے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلا یا جا رہا ہے۔انھوں نے بنوں جانی خیل صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے امن معاہدہ پر عملدرآمد اور شہریوں کے تحفظ کویقینی بنانے کا مطالبہ کیا