افغانستان میں امن وامان کا قیام پورے خطے کے لیے ناگزیر ہے ،پروفیسر شبیر احمد خان

جمعرات 24 جون 2021 21:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2021ء) افغانستان میں امن وامان کا قیام پورے خطے کے لیے ناگزیر ہے افغانستان طویل عرصہ تک خانہ جنگی کا شکار رہا ہے افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ممالک مشترکہ جدوجہد کریں پاکستان ہر صورت میں افغانستان میں مضبوط امن و استحکام دیکھنا چاہتا ہے افغانستان کا عدم استحکام نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے ان خیالات کا اظہار ایریا سٹڈی سنٹر یونیورسٹی آف پشاور میں افغانستان کا ابھرتا ہوا منظرنامہ اور پاکستان کیلئے اسکے مضمرات کے عنوان پر ان ہاؤس مباحثے کے شرکاء نے کیا۔

شرکاء میں ڈائریکٹر ایریا سٹڈی سنٹر پروفیسر شبیر احمد خان، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی، سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا ارشد خان، سابق سفیر آصف درانی، سیاسی و دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر ریٹائرڈ سعد محمد، ماہرامور افغان ریٹائرڈ کرنل اشفاق، کرنل ریٹائرڈ فضل واحد، شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے سربراہ سید حسین شہید سہروردی اور سٹیشن ڈائریکٹر پختونخوا ریڈیو انصار خلجی شامل تھے۔

(جاری ہے)

شرکاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کے مفاد میں ہے۔ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام قائم کرنے کے لیے بین الاقوامی برداری کے ساتھ کام کرنا چاہتاہے۔ مباحثے کے اہتمام پر ڈائریکٹر ایریا سٹڈی سنٹر نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مباحثے میں ماہرینِ نے قابل قدر آراء اور تجاویز پیش کی ہیں جو افغانستان کے مسائل کے حل اور خطے میں امن و امان کے کیلئے ممدومعاون ثابت ہو سکتی ہیں۔