وزارت داخلہ نواز شریف کو مکمل سیکیورٹی دینے کیلئے تیار ہے، جان کی گارنٹی تو اللہ ہی دے سکتا ہے ،شیخ رشید

برطانیہ سے تحویل مجرمان کا معاہدہ قریب ہے، اپوزیشن عمران خان کیلئے تر نوالہ ہے، ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، وزیر داخلہ کا بیان

جمعرات 24 جون 2021 23:09

وزارت داخلہ نواز شریف کو مکمل سیکیورٹی دینے کیلئے تیار ہے، جان کی گارنٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2021ء) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ نواز شریف کو مکمل سیکیورٹی دینے کیلئے تیارہے، جان کی گارنٹی تو اللّٰہ ہی دے سکتا ہے۔جمعرات کو ایک بیان میں وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پی ٹی آئی کو لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کا ووٹ ملا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ میاں نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں، برطانیہ سے 15 روز تک مجرموں کی حوالگی کے معاہدے پر دستخط ہوں گے، نواز شریف کیلئے مسائل کے دن ہوں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو افسوس ہے کہ نواز شریف دھوکے سے فرار ہوئے، وہ ایک ٹکٹ میں دو مزے لے رہے تھے، انہوں نے اپنا کیس خود خراب کیا، مریم نواز نے عندیہ دیا تھا کہ ان کے والد صحتمند ہیں، یہ سب باتیں ان کے خلاف جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ نواز شریف کو واپس لانے سے بہتری آ سکتی ہے۔وزیر داخلہ نے کہاکہ نواز شریف واپسی کیلئے حکومت کو کامیابی ہوتی ہے یا نہیں یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان چاہتے ہیں کہ نواز شریف کو پہلی فرصت میں واپس لایا جائے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں اپوزیشن سے کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں، ہائی کورٹ کے فیصلے سے اندازہ ہو جانا چاہیے کہ بات کہاں جا رہی ہے، اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔شیخ رشید نے کہا کہ عدلیہ انصاف پر مبنی فیصلے کررہی ہے۔