ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ کے گھروں کیلئے لوگ ترس گئے ہیں،امیر مقام

پرویز خٹک نے قومی اسمبلی کی تقریر میں سفید جھوٹ بول کر صوبے کے عوام کو تذلیل کیا،صدر مسلم لیگ (ن)خیبرپختونخوا

جمعرات 24 جون 2021 21:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں کی چھٹی تک پی ڈی ایم کی تحریک جاری رہے گی۔4 جولائی کو سوات میں پی ڈی ایم جلسہ کیلئے ن لیگ بھر پور تیاری کر رہی ہے،مرکزی صدر شہباز شریف کی قیادت میں جلسہ میں شرکت کرینگے،وفاقی اور صوبائی بجٹ حکومت کی طرف سے عوام کے ساتھ مذاق اور الفاظ کی ہیرا پھیری کے سوا کچھ نہیں،جس سے مہنگائی ،غربت اور بیروزگاری مزید بڑھے گی اور غریب کا جینا مشکل ہو جائے گا ن لیگ اسے مسترد کرتی ہے۔

وہ پاکستان مسلم لیگ ن پشاور سیکرٹریٹ میں عہدیداروں سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔امیرمقام نے کہا کہ پرویز خٹک نے قومی اسمبلی کی تقریر میں سفید جھوٹ بول کر صوبے کے عوام کو تذلیل کیا ان کی تقریر کا حقیقت سے دور کا بھی واستہ نہیں، وہ آرٹیکل 63،62 کے زمرے میں آتا ہے وہ صادق امین نہیں رہے، شہباز شریف کے ساتھ اپنا موازنہ کرنا انہیں اسمبلی میں مہنگا پڑ گیا اور وہ خود مذاق بن گئے،قوم بھوک سے مر رہی ہے اور عمران خان کو الیکٹرانک مشین کی پڑی ہے،قوم کا مسئلہ مشین نہیں بلکہ اہل قیادت ہے،پختونخوا حکومت بجلی کے خالص منافع کا مطالبہ اب کیوں نہیں کر رہی ہے،نواز شریف کے دور میں تو ہر دوسرے دن مطالبہ کرتے،اربوں روپے کے قرضے لیکر بھی ملک میں کوئی میگا پراجیکٹ نظر نہیں آ رہا۔

(جاری ہے)

ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ کے گھروں کیلئے بھی لوگ ترس گئے ہیں،بی آر ٹی ،بلین ٹری ، مائننگ سکینڈل پی ٹی آئی کے صوبائی حکومت کے بڑے کارنامے ہیں،8 سال سے کے پی میں کرپشن جاری ہے۔وہ پاکستان مسلم لیگ ن پشاور سیکرٹریٹ میں عہدیداروں سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔اس موقع پرخیبر پختونخواہ اسمبلی مسلم لیگ ن کے تمام ممبران و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔