دنیا کے سب سے بڑے ہوائی جہاز کی پاکستان آمد

افغانستان سے اتحادی افواج کے ساز و سامان کی منتقلی کے کام پر متحرک یوکرینی ایئرلائن کا دنیا کا سب سے بڑا اور بھاری کارگو ہوائی جہاز انتونو اے این 225 ماریہ کابل سے کراچی پہنچا تھا

جمعرات 24 جون 2021 21:30

دنیا کے سب سے بڑے ہوائی جہاز کی پاکستان آمد
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون2021ء) دنیا کے سب سے بڑے ہوائی جہاز کی پاکستان آمد، یوکرینی ایئرلائن کا دنیا کا سب سے بڑا اور بھاری کارگو ہوائی جہاز انتونو اے این 225 ماریہ کابل سے کراچی پہنچا تھا۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان سے اتحادی افواج کے ساز و سامان کی منتقلی کے کام پر متحرک یوکرینی ایئرلائن کا دنیا کا سب سے بڑا اور بھاری کارگو ہوائی جہاز انتونو اے این 225 ماریہ جمعرات کی صبح8:37 بجے کراچی سے برطانیہ روانہ ہوگیا۔

بدھ کی دوپہر کابل سے کراچی پہنچنے والا یہ جہاز لگ بھگ 21 گھنٹے تک کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود رہا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق انتونو اے این 225 ماریہ یوکرائن کے کی یو ایئرپورٹ سے بطور پرواز نمبر اے ڈی بی 359 ایف بدھ کو علی الصبح 03:44 بجے افغان دارلحکومت کابل پہنچاتھا۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق بھاری جنگی سازوسامان کی لوڈنگ کے بعد یہ جہاز فلائٹ اے ڈی بی 3859 کے طور پر بدھ کی دوپہر کراچی اترا، ایوی ایشن ذرائع کے مطابق 32 سال پرانے اس اسٹریٹجک جہاز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 20 گھنٹے کے زائد کا ٹیکنیکل اسٹاپ کیا اور یہ پرواز ADB-3859 جمعرات کی صبح 08:37 بجے کراچی سے برطانیہ میں ایکسفورڈ شائر آر اے ایف بریز نورٹن کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔

انتونو اے این 225 ماریہ 20 اپریل 2018 کو پہلی مرتبہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ آچکا ہے، 6 ٹربوفن انجن والا یہ اب تک کا دنیا کا سب سے بڑا اور بھاری طیارہ ہے۔ انتونو اے این 225 ماریہ نے دسمبر 1988 میں پہلی اڑان بھری، اس طیارے کا زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن 640 ٹن ہے۔