Live Updates

2023 انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی سے متعلق چوہدری پرویز الٰہی کا اہم بیان

سارے ضمنی انتخاب کے نتائج سامنے ہیں، اب صرف 2 سال رہ گئے ہیں، اگر یہ بات مان لیتے تو حالات کافی بہتر ہوسکتے تھے، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 24 جون 2021 21:41

2023 انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی سے متعلق چوہدری پرویز الٰہی ..
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جون 2021ء ) سارے ضمنی انتخاب کے نتائج سامنے ہیں، اب صرف 2 سال رہ گئے ہیں، اگر یہ بات مان لیتے تو حالات کافی بہتر ہوسکتے تھے، 2023 انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی سے متعلق سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا اہم بیان سامنے آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سارے ضمنی انتخاب کے نتائج سامنے ہیں، اگر یہ باتیں مانتے تو حالات کافی بہتر ہوسکتے تھے۔

نجی ٹی وی کے اینکر نے سوال کیا کہ کیا تحریک انصاف2023 میں دوبارہ اقتدار میں آسکتی ہے؟ اس پر چوہدری پرویز الٰہی نےکہا کہ سارے ضمنی انتخاب کے نتائج آپ کے سامنے ہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اب تو 2 سال رہ گئے ہیں، اگر یہ باتیں مانتے تو حالات کافی بہتر ہوسکتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اتحاد میں کبھی کسی کے ساتھ دھوکا نہیں کیا، وزیراعظم عمران خان سے اجازت لے کر آصف زرداری سے ملاقات کی ،سینیٹ انتخابات میں بھی آصف زرداری نے اِن کےکہنے پر اپنے ارکان کو دستبردارکرایا تھا، اس عمل میں وزیر اعظم عمران خان کی اجازت بھی شامل تھی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان بلاول ہاؤس لاہور میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت، پنجاب کی آئندہ سیاست کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے آصف زرداری کی خیریت دریافت کی اور آصف زرداری نے چودھری شجاعت کی خیریت دریافت کی۔

ذرائع نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں آئندہ عام انتخابات میں سیاسی اتحاد پر بھی غور کیا گیا، آئندہ انتخابات میں وسیع تعاون کیلئے مشاورت کے ساتھ لائحہ عمل بنایا جائے گا۔پنجاب میں کسی بھی سیاسی تبدیلی کیلئے یکساں پالیسی اختیار کریں گے۔ دوسری جانب معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات سے متعلق کہا کہ پرویزالٰہی اورآصف زرداری کی ملاقات حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی نہیں، مہمان نوازی اور میزبانی پنجاب کا کلچر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور چودھری برادران کے درمیان پرانے تعلقات ہیں۔ واضح رہے سابق صدر آصف علی زرداری پیپلز پارٹی کو پنجاب میں مضبوط بنانے کے لیے سرگرم ہوگئے، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جیت کے لیے جنوبی پنجاب کے حوالے سے آصف علی زرداری نے سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کو جنوبی پنجاب میں پارٹی کو متحرک کرنے کی ہدایات دے دیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات