صہیب مقصود نے اپنی سلیکشن درست ثابت کر دی، پشاور زلمی کے باولرز کی درگت بنا ڈالی

پہلی مرتبہ کوئی ٹیم پی اس ایل فائنل میں 200 رنز سے زائد کا ہدف دینے میں کامیاب

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 24 جون 2021 23:05

صہیب مقصود نے اپنی سلیکشن درست ثابت کر دی، پشاور زلمی کے باولرز کی درگت ..
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دیا ہے ۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے فائنل میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ ملتان سلطانز کے تجربہ کار اوپنر اور سابق کپتان شان مسعود اور محمد رضوان نے نے 7ویں اوور میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی اور سکور کو 68 تک پہنچا دیا۔

اس مرحلے پر محمد عمران کی سلو گیند سمجھ نہ سکے اور 37 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔ زلمی کو اگلے اوور میں صہیب مقصود کی اہم وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن ایکسٹرا کور میں کھڑے حضرت اللہ زازئی آسان کیچ نہ لے سکے، دو گیند بعد ہی محمد رضوان وکٹوں کے عقب میں کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 30 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد سلطانز کے صہیب مقصود اور رائلی روسو نے جارحانہ بیٹنگ کی اور تیزی سے سکور بڑھانا شروع کیا اور صرف 22 گیندوں پر نصف سنچری شراکت مکمل کی۔

صہیب مقصود نے شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے 27 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی جبکہ دوسرے اینڈ سے روسو نے ان کا بھرپور ساتھ نبھاتے ہوئے صرف 20 گیندوں پر ففٹی مکمل کی۔ 98 رنز کی اس شراکت کا خاتمہ اننگز کے 19ویں اوور میں اس وقت ہوا جب ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں رائلی روسو شارٹ تھرڈ مین پر کھڑے عرفان کو کیچ دے بیٹھے۔ ثمین گل نے اگلی ہی گیند پر جانسن چارلس کو بھی چلتا کردیا۔

اننگز کے آخری اوور میں سلطانز نے خوشدل شاہ کے دو چھکوں کی بدولت 21 رنز بنائے اور مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے ہیں۔ میچ کے لیے پشاور زلمی نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور عمید آصف کی جگہ ثمین گل کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ملتان سلطانز نے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ یاد رہے کہ پشاور زلمی ایک مرتبہ پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن بن چکی ہے جبکہ ملتان سطانز کی ٹیم پہلی مرتبہ فائنل کھیل رہی ہے۔

ملتان سلطانز کی ٹیم محمد رضوان(کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، جانسن چارلس، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، بلیسنگ مزربانی، شاہنواز دھانی، عمران طاہر، عمران خان پر مشتمل ہے جب کہ پشاور زلمی کی ٹیم میں وہاب ریاض(کپتان)، کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، جونو ویلز، صہیب مقصود، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، عماد بٹ، ثمین گل، محمد عرفان، محمد عمران شامل ہیں۔