سعودی عرب میں حرمین ٹرین دوبارہ چلنے کی خوش خبری آ گئی

کئی ہفتوں کی بندش کے بعد حرمین ٹرین یکم جولائی سے دوبارہ چلے گی، شیڈول جاری ہوگیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 25 جون 2021 13:24

سعودی عرب میں حرمین ٹرین دوبارہ چلنے کی خوش خبری آ گئی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25 جون 2021ء) حرمین ٹرین سعودی عرب میں لاکھوں مسافروں کو سہولت دینے کے اعتبار سے جدیداور تیز ترین ٹرانسپورٹ ذریعہ ہے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان اس ٹرین سروس کا آغاز 2018ء میں ہوا تھا۔ جس کی بدولت مقامی اور تارکین کے علاوہ عازمین حج اور عمرہ زائرین کا سفر بھی انتہائی آرام دہ ہو چکا ہے۔ کیونکہ یہ ٹرین 3 سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرتی ہے۔

حرمین ٹرین کے 5 اسٹیشن ہیں۔ یہ ٹرین مکہ مکرمہ سے ہوتی ہوئی جدہ ایئرپورٹ، رابغ سٹی سے مدینہ منورہ جا کر رُکتی ہے۔کچھ روز قبل حرمین ٹرین عارضی طور پر بند کر دی گئی تھی۔ جس کی وجہ سے مسافروں کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ تاہم اب اس حوالے سے اچھی خبر یہ ہے کہ حرمین ٹرین دوبارہ چلا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

حرمین ایکسپریس ٹرین یکم جولائی سے چلائی جائے گی۔

حرمین کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر یکم جولائی سے 10 جولائی تک ٹرین چلانے کے اوقات کا چارٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ جو لوگ بکنگ کروانا چاہتے ہیں یا معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ حرمین ٹرین کی ویب سائٹ https://sar.hhr.sa/ سے رجوع کر سکتے ہیں۔ گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے تمام مسافروں کو تاکید کی ہے کہ وہ کورونا وبا کے پیش نظر حرمین ایکسپریس میں متعلقہ ایس او پیز پر پوری طرح عمل کریں تاکہ سب کی صحت اور زندگیاں محفوظ رہیں ۔

واضح رہے کہ 4 جون کو مکہ مکرمہ میں ایک شخص حرمین ٹرین تلے کُچل کر ہلاک ہو گیا تھا۔ حرمین ٹرین کی انتظامیہ کے مطابق یہ واقعہ صبح 9 بج کر 5 منٹ پر مکہ مکرمہ کے اسٹیشن سے 4 کلومیٹر دُور رونما ہوا تھا۔ٹرین کی زد میں آنے والے شخص کی بُری طرح کچلنے جانے سے موقع پر ہی موت واقع ہو گئی تھی۔ یہ شخص ریل کی پٹڑی پر چل رہا تھا جب اچانک ٹرین آ گئی اور اس شخص کو سنبھلنے کا موقع نہ ملا۔

اس واقعے کے بعد ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہوا اور کئی ٹرینیں اپنے وقت پر اسٹیشنز پر نہ پہنچ سکی تھیں، جس پر انتظامیہ نے مسافروں سے معذرت کی تھی۔ انتظامیہ نے اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کے لیے افسوس کا اظہار کیا تھا اور تمام افراد کو تاکیدکی ہے کہ وہ اپنی جان کی سلامتی کی خاطر ریل کی پٹڑی سے دُور رہیں۔