Live Updates

گھریلو صارفین کیلئے کہیں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی، حماد اظہر کا دعویٰ

ساڑھے7 ہزار بجلی شارٹ فال کا سامنا کررہے ہیں، شارٹ فال پر جلد قابو پالیں گے، مٹیاری سے لاہور بجلی ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح کردیا ہے۔ وفاقی وزیر توانائی کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 26 جون 2021 16:33

گھریلو صارفین کیلئے کہیں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی، حماد اظہر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2021ء) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے دعویٰ کیا ہے کہ گھریلو صارفین کیلئے کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی، ملک میں ساڑھے7 ہزار شارٹ فال کا سامنا کررہے ہیں، شارٹ فال پر جلد قابو پالیں گے، مٹیاری سے لاہور بجلی ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح کردیا ہے۔ انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اچھا بجٹ پیش کیا، اپوزیشن تقسیم ہورہی ہے،آپس میں اختلافات نظر آرہے ہیں، اپوزیشن بےروزگار ہے،کسی بیانیے کی تلاش میں ہے، ایف اےٹی ایف پر اپوزیشن کا بیانیہ افسوسناک ہے۔

  ایف اےٹی ایف میں کامیابیاں پی ٹی آئی دور میں ملیں، ایف اےٹی ایف کا چیلنج فروری2018 میں ملا۔ ایف اےٹی ایف چیلنج پرجلد قابو پالیں گے۔ دوایل این جی ٹرمینل کے معاہدے ن لیگ دور میں ہوئے۔

(جاری ہے)

تربیلا ڈیم سے پانی کا بہاوَ 50 فیصد ہے۔ کوشش کررہے ہیں کہ لوڈشیڈنگ نہ کرنی پڑے۔ چند گیس فیلڈز کی مرمت3 سے4 ہفتے میں کی جائےگی۔ حماد اظہر نے کہا کہ آرایل این جی کے سودے میں500 ارب روپے بچائے۔

اپوزیشن کا دکھ سمجھتا ہوں،معاملات بہتر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک سیکٹرمیں کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی، اس وقت ساڑھے7 ہزار شارٹ فال کا سامنا کررہے ہیں اس کو مینیج کرچکے ہیں۔ بجلی کی ٹرانسمیشن لائن جومٹیاری سے لاہور کیلئے ہے اس کاافتتاح کیا ہے۔ یورینیم کا معاملہ ایف اے ٹی ایف کے مینڈیٹ میں نہیں آتا۔

منی لانڈرنگ پرایف اے ٹی ایف بھارتی سسٹم کا جلد جائزہ لینے والا ہے۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے بجلی بحران اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے سرکاری اورنجی پاورپلانٹس کو فرنس آئل درآمد کرنے کی اجازت دے دی، کےالیکٹرک بھی50 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل درآمد کرسکے گی۔ فرنس آئل درآمد کرنے کا پاورڈویژن نے این اوسی بھی جاری کردیا ہے۔ این اوسی میں کہا گیا کہ بجلی بحران کے باعث پاورپلانٹس ضرورت کے مطابق فرنس آئل درآمد کر سکتے ہیں، مزید آئل درآمد کرنے سے پہلے مقامی فرنس آئل کو مکمل استعمال کرنا ہوگا۔

دوسرے پاور پلانٹس کی طرح کےالیکٹرک بھی50 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل درآمد کرسکے گی۔ بتایا گیا ہےکہ کےالیکٹرک کا 25 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل کا پہلا کارگو یکم جولائی کو پہنچے گا۔ 
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات