بجٹ خسارہ پورا کرنے کیلئے موٹروے کو گروی رکھنا ملکی سالمیت کیخلاف گہری سازش ہے‘ مخدوم سید احمد محمود

عمران خان اپنے بنائے ہوئے منصوبے گروی رکھ کر کیوں قرضہ نہیں لیتے ‘ صدر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب

ہفتہ 26 جون 2021 16:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ نااہل سلیکٹڈ حکومت کا آئندہ مالی سال میں بجٹ خسارے کو پورا کرنے کے لیے موٹروے کو گروی رکھ کر قرضہ لینے کااقدام قابل مذمت اورملکی سالمیت کے خلاف گہری سازش ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ملک ترقی کر رہا تھا ،سڑکوں کے جال بچھائے جا رہے تھے ،بجلی گھر لگ رہے تھے ،ہسپتال بن رہے تھے ،اسکول تعمیر ہو رہے تھے اور اس وقت ترقی میں رخنہ ڈالنے کے لیے آج کے نااہل سلیکٹڈ دھرنے دے رہے تھے ،ریلیاں نکال رہے تھے اور عوام کو یہ بتاتے تھے کہ سڑکیں بنانے سے موٹروے بنانے سے پل بنانے سے میٹرو بنانے سے قومیں ترقی نہیں کرتی ،آج عمران خان کی حکومت آئی ہے تو ملک میں کوئی ڈویلپمنٹ نہیں ہو رہی بلکہ سابقہ حکومتوں کے بنائے ہوئے منصوبوں پر یہ حکومت اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے قرض لے رہی ہے جو باعث شرم اقدام اورقومی غیرت کا سودا کرنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اب تو عوام کا بھی بڑا مطالبہ آ گیا ہے کہ عمران خان صاحب آپ تو پچھلی حکومتوں کے بنائے ان منصوبوں کی مخالفت کرتے رہے ہیں اس لئے آج ان کے بنائے کسی بھی منصوبے پر قرضہ نہ لیں بلکہ جو منصوبے آپ نے لگائے ہیں ان پر قرضہ لیں،عوام کا مطالبہ ہے کہ عمران خان اپنے بلین ٹری منصوبے پر قرضہ لیں، انہوں نے جو 400 ڈیم بنائے ہیں ،400 کالجز ،1000سکولز اور100 یونیورسٹیاں بنائی ہیں ان پر قرضہ لیں، عمران خان مالم جبہ ، پشاور میٹرو پر ،میانوالی میں جوبیریاں لگائی تھی اور ان پر شہد کی مکھیاں چھوڑی تھی جنہوں نے معیشت ٹھیک کرنا تھی اس پر قرضہ لیں۔

عمران نے جو مرغیاں پالی تھیں جو کٹے سنبھال کر رکھے تھے ان پر قرضہ کیوں نہیں لیتے، راولپنڈی رنگ روڈ پر قرضہ لیں،بنی گالہ اور شوکت خانم پر قرضہ لیں ،رائل پارک لاہور والے گھر پر قرضہ لیں۔انہوںنے کہا کہ عمران خان کو پتہ ہے کہ ان کے لگائے ہوئے منصوبوں پر کسی نے ایک ٹکاقرضہ نہیں دینا ۔