شاہد آفریدی کیریئر کا آخری پی ایس ایل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلنے کی خواہشمند

سوائے کھلاڑیوں کو دیا جانے والے معاوضے کے پی ایس ایل اور انڈین پریمیئر لیگ میں کوئی خاص فرق نہیں ہے :انٹرویو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 26 جون 2021 18:44

شاہد آفریدی کیریئر کا آخری پی ایس ایل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جون2021ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں نئی چیمپئن ٹیم ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے شاہد خان آفریدی نے خواہش ظاہر کی ہے کہ کیریئر کا آخری سیزن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلنا چاہتا ہوں۔ ایک انٹرویومیں شاہد آفریدی نے کہا کہ میں اس وقت ملتان سلطانز کا حصہ ہوں اور اگر انہوں نے مجھے اجازت دی تو میں اپنے آخری سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنا چاہوں گا۔

سٹار آل راؤنڈر نے کہا کہ وہ فٹ رہنے کے لیے ٹریننگ بھی کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ شاہد آفریدی پی ایس ایل کے رواں سیزن میں ٹریننگ کے دوران کمر کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے تھے تاہم ان کی ٹیم ملتان سلطانز نے ان کے بغیر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس کے فائنل میں ٹیم کے ساتھ نہیں تھا لیکن میں محمد رضوان، صہیب مقصود اور شان مسعود کے ساتھ پیغام رسانی کے ذریعے مسلسل رابطے میں تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں ان کی رہنمائی کرتا تھا اور بڑے میچوں، خاص کر فائنل کی اہمیت کے حوال سے اپنے تجربات سے آگاہ کرتا رہاکہ اب جیتنا کیسے ہے۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مشکلات کے باوجود پی ایس ایل کے بقیہ میچوں کے انعقاد پر مبارک باد دی اور کہا کہ لیگ جب تک پاکستان میں نہیں ہوگی اس وقت تک مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوتے۔ پی ایس ایل کے دوسری لیگز سے موازنے کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سوائے کھلاڑیوں کو دیئے جانے والے معاوضے کے پی ایس ایل اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کوئی خاص فرق نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ کرکٹ لیگز کے انعقاد کا بنیادی مقصد نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے اور پی ایس ایل نے بڑی تعداد میں اچھے کھلاڑی دیے ہیں۔ ٹی ٹوئٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ کیلئے تیاریاں 8 ماہ پہلے شروع ہونی چاہیئں اور ٹیم میں بہت زیادہ تبدیلیوں سے کامیاب ٹیم کمبی نیشن بنانے میں مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔