مولانا فضل الرحمان آئی سی یو میں داخل، صحت سے متعلق اہم تفصیلات جاری

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان طبیعت ناز ساز ہونے کی وجہ سے آئی سی یو میں داخل ہیں، مولانا کی طبیعت میں بتدریج بہتری آ رہی، ڈاکٹرز نے اُن کے متعدد ٹیسٹ کیے جن میں سے کچھ کی رپورٹس آگئیں ہیں، ترجمان جے یو آئی اسلم غوری

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 26 جون 2021 18:47

مولانا فضل الرحمان آئی سی یو میں داخل، صحت سے متعلق اہم تفصیلات جاری
کراچی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین 26جون 2021) سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان طبیعت ناز ساز ہونے کی وجہ سے آئی سی یو میں داخل، مولانا فضل الرحمان کی صحت سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جے یو آئینے مولانا فضل الرحمان کی صحت کے حوالے سے تفصیلات جاری کردیں ہیں۔نجی ٹیلی ویژن چینل کے مطابق جے یو آئی کے ترجمان نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کی طبیعت میں بتدریج بہتری ہے، ڈاکٹرز نے اُن کے متعدد ٹیسٹ کیے جن میں سے کچھ کی رپورٹس آگئیں جبکہ چند کا انتظار ہے۔

جے یو آئی ترجمان نے بتایا کہ ’ڈاکٹرز نے مولانا فضل الرحمان کو مزید چند روز اسپتال میں علاج جاری رکھنے کا مشورہ دیا‘۔دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل اور قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر و رہنما مسلم لیگ ن سردار ایاز صادق، شاہ اویس نورانی نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے خیریت دریافت کی۔

(جاری ہے)

ایک روز قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو پارٹی وفد کے ہمراہ گلدستہ بھیجا اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ سے پیوستہ روز سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی طبیعت ناساز ہو گئی تھی، جس کے بعد ڈاکٹرز نے مولانا فضل الرحمان کو آئی سی یو وارڈ منتقل کر دیا تھا۔ ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج ‏ہیں، انفیکشن کے باعث ان کا بخار نہیں ٹوٹ رہا۔

اسلم غوری نے بتایا تھا کہ ڈاکٹرز نے مولانا فضل الرحمان کو آئی سی یو میں رکھا ہے اور ان کے ‏مختلف ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا ہے اور مولانا میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم مولانافضل الرحمان کے معائنے پر مامور ہے جس کی ‏نگرانی میں علاج کیا جارہا ہے۔مولانا فضل الرحمان جماعتی دورے پر کراچی پہنچے تھے اور طبیعت نہ سنبھلنے پر انہیں اسپتال ‏میں داخل کروایا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق مرض کی تشخیص کے بعد علاج میں آسانی ہوگی۔ شبہ ہے کہ انھیں گردے اور مثانے کا انفیکشن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حتمی بات رپورٹس کے نتیجے کے بعد پتا چلے گی۔ ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم مولانا فضل الرحمان کے معائنہ پر مامور ہے۔