رحمن بابا ایکسپریس کا ٹینکر سے تصادم، ٹریک بحال جبکہ ٹرالر کے مالک اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا

ٹرالر ٹرک کا ڈرائیور تمام قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور پھاٹک کا گیٹ توڑ کر پھاٹک پار کررہا تھا، ایف آئی آر کا متن

اتوار 27 جون 2021 18:30

ٹنڈوآدم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2021ء) ٹنڈو آدم میں رحمن بابا ایکسپریس اور ٹینکر میں تصادم کے بعد مرمتی کام مکمل کر کے ٹریک کو بحال کر دیا گیا ہے جبکہ ٹرالر کے مالک اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیاہے۔تفصیلات کے مطابق ٹنڈو آدم میں رحمن بابا ایکسپریس اور ٹینکر تصادم کے بعد ٹریک سے بوگیاں اور ٹینکر ہٹا دیئے گئے ہیں۔

ریلوے پولیس کے مطابق ٹریک کا مرمتی کام مکمل کر کے اپ اور ڈائون ٹریک بحال کر دیئے گئے ہیں۔گزشتہ روز پھاٹک کراس کرنے والا کیمیکل کا ٹینکر رحمن بابا ایکسپریس کی زد میں آگیا تھا۔ٹرین حادثہ گزشتہ روز شام 6 بجے پیش آیا تھا، حادثے میں ٹرین کی 3 بوگیاں ٹریک سے اتر گئی تھیں اور انجن کو نقصان پہنچا تھا۔دریں اثناپاکستان ریلوے نے ٹرالر کے مالک اور ڈرائیور پر مقدمہ درج کروادیاہے۔

(جاری ہے)

مقدمہ ریلوے پولیس اسٹیشن حیدرآباد میں ریلوے ایکٹ کی دفع 126, 128 اور 129، 29 آر آر اے او، اور پی پی سی کی دفع 34، 337A، 279 اور 427 کے تحت دائر کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن میں کہاگیاہے کہ ٹرالر ٹرک کا ڈرائیور تمام قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور پھاٹک کا گیٹ توڑ کر پھاٹک پار کررہا تھا۔ ڈرائیور کی بے احتیاطی اور غیر محفوظ رویے سے ٹرین کی انجن، لگیج وین اور ٹریک کو بھاری نقصان پہنچا۔ ایف آئی آرمیں کہاگیاہے کہ ڈرائیور کے اس غیر ذمہ دارانہ فعل سے ٹرین میں سوار مسافروں کی زندگی بھی خطرے کی زد میں آگئی۔ٹرالر ٹرک کے مالک اور ڈرائیور پر قوائد اور قوانین کے مطابق کاروائی کی جائے۔