نااہل حکومت صوبے کے حقوق کے تحفظ اور عوام کے بہبود میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، سکندر حیات شیرپائو

۱ گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کیلئے اپنی کوتاہیوں کا ملبہ سابقہ حکومتوں پر ڈال رہی ہے،شمولیتی اجتماع سے خطاب

اتوار 27 جون 2021 19:25

L پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2021ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ نااہل حکومت صوبے کے حقوق کے تحفظ اور عوام کے بہبود میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کیلئے اپنی کوتاہیوں کا ملبہ سابقہ حکومتوں پر ڈال رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیگولئی ضلع سوات میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرپی ٹی آئی اوراے این پی کے عہدیداروں خورشید احمدخان،عرفان علی،راحت علی،ریحان علی،ڈاکٹر علی اکبرمہران علی،محمد جان،رضوان اللہ،خالد خان،شاہ ولی خان،مصطفٰی خان،فضل حسین،معتبر خان،محمد عالم،آفتاب علی،جواد خان،سجادخان،رحمان گل اور اشفاق خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپائو نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہے جس کا اندازہ ان کی تین سال کی کارکردگی سے لگایا جا سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ حیرت تو اس بات پر ہے کہ نہ تو کوئی ترقیاتی منصوبے شروع کئے جارہے ہیں جبکہ ملکی قرضوں میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب تو نوبت یہاں تک آپہنچی ہے کہ حکمران ملک کے اہم شاہراہوں اور ہوائی آڈوں کو گروی رکھ رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ معیشت زبوں حالی کا شکارہے، بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کے باوجود لوڈشیڈنگ کے عذاب نے لوگوں کا جینا مشکل کردیا۔انھوں نے کہا کہ مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ ہوچکا ہے اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتیںعوام کی پہنچ سے دور چلی گئی جبکہ حکومت آئی ایم ایف کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔انھوں نے کہا کہ وفاقی وزیر مہنگائی اور غربت ختم ہونے کے دعوئوں کے ذریعے عوام کی آنکھوں میںدھول نہیں جھونک سکتے۔

این ایف سی ایوارڈ اور صوبہ کوبجلی خالص منافع کی عدم ادائیگی کو صوبائی حکومت کی غفلت اور مرکز ی حکومت کی خیبر پختونخوا کے ساتھ امتیازی رویہ قرار دیتے ہوئے انھوں نے اس روش کی مذمت کی اور کہا کہ اس کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کی جائے گی اور این ایف سی ایوارڈ کے اجراء میں سست روی کومزید کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی وائس چیئرمین نصراللہ خان،ضلعی چیئرمین شیربہادرزادہ خان،جنرل سیکرٹری رضاء اللہ ایڈوکیٹ اور دوسرے عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔