ٓکراچی، نوجوانوں کو منشیات سے بچانے کا واحد طریقہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ ہے،دانش سعید

اتوار 27 جون 2021 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2021ء) میٹروپولیٹن کمشنر دانش سعید نے عالمی یوم انسداد منشیات کی مناسبت سے منعقدہ باسکٹ بال کے نمائشی میچ کی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے نوجوانوں کو منشیات سے بچانے کا واحد طریقہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے، نوجوان جب کھیلوں سے دلچسپی لیں گے تو میدان آباد ہونگے اور سماج دشمن عناصر انہیں منشیات کے استعمال اور دیگر جرائم کی جانب راغب نہیں کرسکیں گے، انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی اور ذہنی صحت کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں بلکہ کھیلوں کے ذریعہ ملک و قوم کا نام بھی پوری دنیا میں روشن کیا جاسکتاہے، انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں جو بڑے بڑے سرمایہ دار ہیں ان میں کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے، انہوں نے کہا کہ اب کھیل بہترین آمدنی کا ذریعہ بھی ہیں، میٹروپولیٹن کمشنر دانش سعید نے کھلاڑیوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ وہ ایک صحت مند سرگرمی سے منسلک ہیں اور باسکٹ بال کو دنیا بھر میں مقبول اور پسندیدہ کھیل کا درجہ حاصل ہے اس لئے وہ سخت محنت، لگن، ہمت اور جذبے کے ساتھ اس کھیل میںمہارت حاصل کریں اور پھر باسکٹ بال کے دنیا بھر میں ہونے والے مختلف نوعیت کے مقابلوں میں حصہ لیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے نوجوانوں کو کھیل کے محدود مواقع ہیں اور مختلف کھیلوں کی باقاعدہ اکیڈمیز بھی قائم نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود ہمارے نوجوانوں نے کرکٹ، ہاکی، اسکواش، بیڈ منٹن، باکسنگ، کشتی رانی اور باسکٹ بال میں اپنے آپ کو نہ صرف منوایا ہے بلکہ ہماری ٹیمیں مختلف کھیلوں میں عالمی چیمئپن بھی رہ چکی ہیں اور اولمپکس سمیت متعدد عالمی کھیلوں کے مقابلوں میں پاکستانی پرچم کو سربلند کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خاص طور پر کراچی میں باصلاحیت نوجوانوں کی کمی نہیں ہے، مختلف ادارے کھیلوں کی سرپرستی کریں تو انہیں نوجوانوں میں سے عالمی سطح کے کھلاڑی پیدا ہوسکتے ہیں ، میٹروپولیٹن کمشنر نے کہا کہ کے ایم سی کے میدان اور کھیلوں کے مراکز کے دروازے تمام شہریوں کے لئے کھلے ہیں اور کے ایم سی کھیلوں کی سرپرستی کے لئے موجود ہے، انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے ایم سی منعقد کرے گی اور اس میں کراچی بھر کی ٹیموں کو دعوت دی جائے گی کہ وہ آئیں اور باسکٹ بال چیمپئن شپ میں حصہ لیں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے کھیلوں کے میدانوں اور مراکز کو اب گریڈ کررہی ہے اور کوشش ہے کہ جتنے بھی کھیل اولمپکس کے مقابلوں میں شامل ہیں ان کے لئے کراچی کے باصلاحیت نوجوانو ںکو تیار کیا جائے، باسکٹ بال نمائشی میچ کے اختتام پر میٹروپولیٹن کمشنر دانش سعید نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔