قومی وطن پارٹی صوبہ کے حقوق کے حصول اور عوام کے بہبود کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی،سکندر حیات شیرپائو

پیر 28 جون 2021 18:54

قومی وطن پارٹی صوبہ کے حقوق کے حصول اور عوام کے بہبود کیلئے ہر فورم ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2021ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی صوبہ کے حقوق کے حصول اور عوام کے بہبود کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے درشخیلہ ضلع سوات میں کیو ڈبلیو پی کی ضلعی کابینہ اور حلقہPK-09کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پارٹی کی تنظیمی صورتحال ،چار جولائی کو منعقد ہونے والا پی ڈی ایم جلسہ اور حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت عوام کے بڑھتے ہوئے مسائل پر گفتگو ہوئی۔سکندر شیرپائو نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے غریب عوام سمیت صوبہ کے حقوق و تحفظ کو اپنے ایجنڈے سے خارج کردیا ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انھوں نے وفاق کے ساتھ بجلی خالص منافع کی مد میں بقایاجات کے حصول،این ایف سی ایوارڈ کے انعقاد اور 1991کے واٹر ایکارڈ کے مطابق پانی استعمال کے چارجز کے حوالے بات تک نہیں کی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی نااہلی کی بدولت صوبہ کے مالی مسائل میں اضافہ ہورہا ہے اور یہ پسماندگی کی طرف بڑھتا جارہا ہے ،صوبہ میں سرمایہ کاری نہیں ہورہی،لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صنعتیں بند اور لوگ بے روزگار ہورہے ہیں ،مہنگائی اور ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کی تعداد پانچ کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ 2018کے عام انتخابات سے قبل ہمارے صوبے میں 32 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور تھے، اب بڑھ کر ان کی تعداد 40 فیصد سے زیادہ ہو گئی ہے جس کے برعکس وفاقی وزیر مہنگائی اور غربت کو اپوزیشن کا پروپیگنڈہ قرار دے رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ غربت اور غریب کا اس سے زیادہ مذاق کیا اُڑایا جا سکتا ہے کہ انکے وجود سے ہی انکار کر دیا جائے۔اس موقع پر حلقہPK-09کی تنظیم سازی بھی مکمل کر لی گئی جس کے مطابق تل حیات خان حلقہ کے چیئرمین ،حیدر علی خان جنرل سیکرٹری اور حمید خان سینئر وائس چیئرمین چن لئے گئے۔