حزب اختلاف آئین کے ساتھ کھلواڑ نہ کرے، بابر اعوان

شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق جو تجاویز دیں وہ فراڈ پلان ہے، سودے بازی چھوڑ دیں اپوزیشن لیڈر پارلیمنٹ میں آکر بات کریں،مشیر برائے پارلیمانی امور نواز شریف متحدہ بانی تو بن سکتے ہیں، نیلسن منڈیلا نہیں بن سکتے، شہباز شریف نے کہا تھا میں گارنٹر ہوں، نواز شریف کو واپس لاؤں گا، آپ دوسروں کو نصیحت، خود میاں فصیحت بنے ہوئے ہیں،فرخ حبیب

پیر 28 جون 2021 21:44

حزب اختلاف آئین کے ساتھ کھلواڑ نہ کرے، بابر اعوان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2021ء) وزیر اعظم کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ حزب اختلاف آئین کے ساتھ کھلواڑ نہ کرے۔وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کے لیے دروازے کھلے ہیں جبکہ حزب اختلاف کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق جو بات کی گئی وہ غیر مناسب تھی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کو سپریم سمجھتی ہے ایوان میں معاملات پر بات کرنے کی حامی ہے اورقانون سازی کرنا چاہتی ہے جبکہ حزب اختلاف کی جانب سے پارلیمان کی بالادستی ماننے سے 2 بار انکار کیا گیا ۔بابر اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حامی ہیں اور عدالت کہتی ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق جو تجاویز دیں وہ فراڈ پلان ہے وہ چاہتے ہیں ایک کروڑ پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کر دیا جائے۔ووٹ کا اختیار سمندر پار پاکستانیوں کا بنیادی حق ہے، حزب اختلاف آئین سے کھلواڑ نہ کرے۔ شہباز شریف ہمیشہ پتلی گلی اختیار کرنا چاہتے ہیں نواز شریف کے خلاف عدالتی فیصلے کے بعد وہ بند گلی میں چلے گئے ہیں، بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق غیر مناسب بات کی گئی، تارکین وطن سے عمران خان کا وعدہ تھا ووٹ کے حق میں شریک کریں گے، اپوزیشن سودے بازی چھوڑ دے۔

اپوزیشن لیڈر پارلیمنٹ میں آکر بات کریں مذاکرات کیلئے دروازے کھلے ہیں۔ بلوچستان اسمبلی میں بجٹ منظوری کے عمل کو روکنے کی کوشش کی گئی۔ دریں اثناء وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا میں گارنٹر ہوں، نواز شریف کو واپس لاؤں گا، آپ دوسروں کو نصیحت، خود میاں فصیحت بنے ہوئے ہیں، شہباز شریف کے پاس کوئی اخلاقی جواز نہیں کہ اپوزیشن لیڈر رہیں، ان کو اصلاحات، صاف شفاف انتخابات میں کوئی دلچسپی نہیں، ان کو سب سے بڑی رکاوٹ وزیراعظم نظر آتے ہیں، یہ عدالتی فیصلوں کو بھی نہیں مانتے، نواز شریف متحدہ بانی تو بن سکتے ہیں، نیلسن منڈیلا نہیں بن سکتے۔