مزدور کے بینک اکاؤنٹس سے 200 جاپانی گاڑیاں خریدنے کا انکشاف

2016ء اور 2017ء کے درمیان جاپان سے چوری شدہ 200 گاڑیاں خریدی گئیں، گاڑیوں کی خریداری کیلئے منی لانڈرنگ کے ذریعے رقم کی ادائیگی کی گئی، نیب کا الزام ۔۔ کراچی میں شٹرنگ کا کام کرتا ہوں، جاپان کا نام سنا ہے کبھی نہیں گیا۔ مزدور کا موقف

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 جون 2021 15:32

مزدور کے بینک اکاؤنٹس سے 200 جاپانی گاڑیاں خریدنے کا انکشاف
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 جون2021ء ) کراچی میں مزدور کے بینک اکاؤنٹس سے 200 جاپانی گاڑیاں خریدنے کا انکشاف ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے کراچی کے رہائشی محمد اکبر نامی ایک مزدور پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے ، نارتھ ناظم آباد کراچی کے رہائشی مزدور کو تحقیقات کے لیے نیب راولپنڈی طلب کرلیا گیا ، جس کے لیے مزدور کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔

نیب کی طرف سے جاری کردہ نوٹس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 2016ء اور 2017ء کے درمیان جاپان سے چوری شدہ 200 گاڑیاں خریدی گئیں ، گاڑیوں کی خریداری کیلئے منی لانڈرنگ کے ذریعے رقم کی ادائیگی کی گئی ، جس کی بناء پر نیب نے محمد اکبر نامی مزدور کو طلبی کا نوٹس طلبی بھیجا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نیب نے یہ دوسرا نوٹس بھیجا ہے ، اس سے قبل 15 جون کو بھی کراچی کے مزدور کو تحقیقات کے لیے کال اپ نوٹس جاری کیا گیا جس میں اسے 24 جون کو دن 11 بجےتحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اس سارے معاملے پر مزدور محمد اکبر کا موقف آیا ہے ، جس میں اس نے کہا ہے کہ کراچی میں شٹرنگ کا کام کرتا ہوں ، جاپان کا نام سنا ہے کبھی نہیں گیا، ملازمت میں ناکامی کے بعد 2017ء میں سعودی عرب سے واپس آیا تھا ، اب تو راولپنڈی جانے کے لیے بھی کرائے کے پیسے نہیں ہیں تو کیسےجاؤں؟۔ دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی اور حسین لوائی سمیت دیگر کے خلاف ریفرنسز میں 23 ارب 85 کروڑ روپے کی وصولی کرلی ، میڈیا رپورٹ کے مطابق نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں 23 ارب 85 کروڑ روپے وصول کر لئے، یہ رقم آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی اور حسین لوائی سمیت دیگر کے خلاف ریفرنسز میں ریکور کی گئی ، نیب راولپنڈی نے احتساب عدالتوں میں جعلی اکاوٴنٹس کیسز کی تحقیقات کے بعد 14 ریفرنس دائر کیے ، اس دوران جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں 23 ارب روپے سے زائد وصول کیے گئے۔