8ارکان اسمبلی کے ایوان میں داخلے پر پابندی کا اقدام قابل مذمت ہے ،حلیم عادل شیخ

اسپیکر سندھ اسمبلی اگر پارلیمانی روایت کا قتل نہ کرتے تو ممبران احتجاج نہ کرتے،اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی

منگل 29 جون 2021 16:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2021ء) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے 8ارکان کے موجودہ سیشن تک پابندی لگانے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آغا سراج دراج درانی کا فیصلہ افسوسناک ہے ۔اسپیکر سندھ اسمبلی صوبائی حکومت کے دباؤ میں آکر فیصلے نہ کریں ۔اپنے ویڈیو بیان میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی اگر پارلیمانی روایت کا قتل نہ کرتے تو ممبران احتجاج نہ کرتے۔

(جاری ہے)

بجٹ سیشن میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر بلال غفار، جی ڈی اے کے پارلیمانی لیڈر حسنین مرزا، متحدہ مجلس عمل کے سید عبدالرشید کو تقریر سے روکا گیا، یہ اصل جرم تھا جس میں جمہوری روایت کا قتل کیا گیا۔ سندھ حکومت نے سندھ اسمبلی کو اپنے گھر کی لونڈی بنادیا ہے۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کا گلا گھونٹ کر سویلین ڈکٹرشپ قائم کردی گئی ہے، ہم غیرآئینی اور سفارشی نادر شاہی فرمان نہیں مانیں گے، سندھ حکومت کے دبا میں آکر اسپیکر کے جانبدارانہ فیصلے کے خلاف مزید بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔