سینما گھروں اور تھیٹرز پر پابندی ختم ،فنکاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

منگل 29 جون 2021 23:47

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2021ء) سندھ حکومت کی جانب سے مزارات ،پارکس اور تفریحی مقامات کے بعد شادی ہالوں ،سینما گھروں اور تھیٹر ز پر کورونا وباء کے پھیلائو کے پیش نظر لگائی گئی پابندی ختم کرنے کے اعلان سے حیدرآباد کے فنکاروں اور ہنر مندوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی سندھ آرٹس کونسل سندھ کے چیئرمین رمیش کمار ،سینئر وائس چیئرمین وکیل منگریو،وائس چیئرمین ارباب صبح پوٹو،جنرل سیکریٹری رحیم کیہر،ملک آرٹ پروموٹر کے روح رواں ملک یوسف جمال،حیدرآباد شوبز کی سرپرست شخصیت اختر پیرزادہ،معروف کامیڈین اسحق راجو،کامران آرٹ پروموٹر کے چیئرمین کامران خان ودیگر نے حکومت سندھ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں شہریوں کو اسٹیج ڈراموں اور پروگراموں کی صورت میں سستی تفریح میسر آئے گی اور پابندی کی وجہ سے بیروزگار فنکار بھی روزگار سے لگ جائیں گے ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا دریں اثناء حیدرآباد اسٹیج ڈراموں اور پروگراموں کے معروف پروڈیوسر بابو بلوچ نے 9جولائی کو مہران آرٹس کونسل لطیف آباد میں ’’دھوم دھڑکا ‘‘کے نام سے میوزیکل پروگرام کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں حیدرآباد کے علاوہ دیگر شہروں کے فنکار اور فنکارائیں حصہ لیں گی