اسلام آباد کے ماس ویکسی نیشن سینٹر پر رجسٹریشن سرٹیفیکیٹس کی فروخت کا انکشاف

100، 50 اور 200 روپے دے کر رجسٹریشن فارمز لیے۔ شہریوں کا الزام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 30 جون 2021 11:06

اسلام آباد کے ماس ویکسی نیشن سینٹر پر رجسٹریشن سرٹیفیکیٹس کی فروخت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جون 2021ء) : اسلام آباد میں ویکسی نیشن کے رجسٹریشن فارمز فروخت ہونے کا انکشاف سامنے آیا۔  شہریوں نے الزام عائد کیا کہ ماس ویکسی نیشن سینٹر میں رجسٹریشن فارم فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق 100، 50 اور 200 روپے دے کر رجسٹریشن فارمز لیے۔ شہریوں نے مؤقف دیا کہ ہمیں کہا جا رہا ہے کہ اب ویکسی نیشن 3 تاریخ کو آئے گی۔

مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے ایف نائن پارک کے باہر مین روڈ ٹریفک کے لیے بلاک کر دی۔ یاد رہے کہ دو روز قبل بھی اسلام آباد کے سیکٹر ایف نائن میں ماس ویکسی نیشن سینٹر پر ویکسی نیشن کے لیے آنے والے افراد نے اچانک دھاوا بول دیا، مظاہرین ایسٹرازنیکا ویکسین لگانے کا مطالبہ کررہے تھے۔ ویکسی نیشن کے لیے آنے والے افراد نے ایف 9 ماس ویکسی نیشن سینٹر پر دھاوا بول دیا اور ہنگامہ آرائی سے املاک کو نقصان پہنچایا، جس کے باعث ایف 9ماس ویکسی نیشن سینٹر میں ویکسی نیشن کا عمل صبح سے معطل ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ڈی ایچ اواسلام آباد کی جانب سے کہا گیا کہ ایف نائن ویکسی نیشن سینٹرمیں ایسٹرازنیکا، فائزرلگائی جارہی ہے، بیرون ملک جانےوالوں کوویکسین لگانے کاعمل جاری تھا کہ دوسرےشہروں سےآنےوالوں کے باعث رش بڑھ گیا۔ ڈی ایچ او کا کہنا تھا کہ ایس او پیز کے تحت سب کوایک ساتھ اندرنہیں آنے دیا جا سکتا، ویکسین لگوانےوالےمرکزی دروازہ توڑکراندر داخل ہوئے، دروازے کا شیشہ ٹوٹنے سے 2 اہلکارزخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے ،ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔ این سی او سی کے مطابق اب تک ملک بھر میں 1 کروڑ 26 لاکھ 41 ہزار 6 سو 54 افراد کو کورونا کی سنگل خوراک، 29 لاکھ 39 لاکھ 7 سو 48 افراد کو مکمل خوراک جبکہ 1 کروڑ 55 لاکھ 81 ہزار 402 افراد کو دو خوراکیں دی جاچکی ہیں۔

ویکسی نیشن کے بعد سے ہی ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جس کے بعد کورونا پابندیوں میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملک بھرمیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 27 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ملک بھرمیں کورونا وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 281 ہوگئی۔ ملک میں کورونا مثبت کیسزکی شرح ایک اعشاریہ 78 فیصد رہی۔