طب کے شعبے میں اہم کامیابی، مقامی طورپر ایک اوروینٹی لیٹر کامیابی سے تیار کرلیا گیا

مکمل طور پر پاکستان میں تیارکیے گئے وینٹی لیٹر کو ’پاک وینٹ ون‘ کا نام دیا گیا ہے، ڈریپ نے پاکستان میں تیار شدہ وینٹی لیٹرکی منظوری بھی دے دی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 30 جون 2021 12:28

طب کے شعبے میں اہم کامیابی، مقامی طورپر ایک اوروینٹی لیٹر کامیابی سے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 جون2021ء ) پاکستان میں طب کے شعبے میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے جہاں مقامی طورایک اوروینٹی لیٹر کامیابی سے تیار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مکمل طور پر پاکستان میں تیارکیے گئے وینٹی لیٹر کو ’پاک وینٹ ون‘ کا نام دیا گیا ہے، ڈریپ نے پاکستان میں تیار شدہ دوسرے وینٹی لیٹرکی منظوری بھی دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وینٹی لیٹرنیشنل انجینئرنگ سائنٹیفک کمیشن پاکستان نے تیار کیا ہے ، جس کا نام ’پاک وینٹ ون‘ رکھا گیا ہے ، پاک وینٹ ون کوڈریپ کے میڈیکل ڈیوائسز ڈویژن نے رجسٹرڈ کرلیا ہے جب کہ سربراہ ڈریپ ڈاکٹرعاصم رؤف نے بھی پاک وینٹ ون کی رجسٹریشن کی تصدیق کردی۔

ڈاکٹر عاصم رؤف کہتے ہیں کہ ’پاک وینٹ ون‘ کی رجسٹریشن 5 سال کیلئے کی گئی ہے اور اس وینٹی لیٹر کی سروس لائف 10 سال ہے ، اب سے ’پاک وینٹ ون‘ کو پاکستان میں عام استعمال کے لیے تیار کیا جاسکے گا ، پاک وینٹ وینٹی لیٹر کی تیاری طب کے شعبے میں پاکستان کی خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم ہے اور پاکستان میں میڈیکل ڈیوائسز کی تیاری کا آغاز خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے سائنسدانوں نے آئی سی یو وینٹی لیٹر تیار کرنے میں بڑی کامیابی حاصل کی تھی ، پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے پہلا آئی سی یو وینٹی لیٹر تیار کرلیا ہے ، وینٹی لیٹر کو آئی لیو کے نام سے متعارف کروایا گیا ، ڈریپ نے وینٹی لیٹر کے استعمال اور تیاری کی منظوری دے دی ، ڈریپ کی منظوری کے بعد اب بڑے پیمانے پر وینٹی لیٹر کی تیاری شروع کردی جائے گی ، آئی سی یو وینٹی لیٹر مروجہ طبی معیارات کے مطابق تیار کیا گیا ، اس وینٹی لیٹر مشین کی جناح ہسپتال لاہور میں بھی جانچ کی گئی ، وینٹی لیٹر کی جانچ کے بعد طبی ماہرین اور انجینئرز نے حتمی تیاری کی منظوری دی کیوں کہ وینٹی لیٹر پی آئی ٹی سی اور پی ای سی کے معیارات پر بھی پورا اترا ہے ، کورونا وباء کے تناظر میں وینٹی لیٹر آئی سی یو آئی لیو کے نام سے متعارف کروایا گیا ہے۔