Live Updates

قومی اسمبلی اجلاس، اپوزیشن نے وزیراعظم کی تقریر سننے کیلئے شرط رکھ دی

اگر وزیراعظم نے بے جا تنقید کا نشانہ بنایا تو ہم بھی خاموش نہیں رہیں گے، اپوزیشن نے اسپیکر کو متنبہ کردیا ۔۔ ایسا نہیں ہوگا، اسد قیصر نے حزب اختلاف کو یقین دہانی کرادی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 30 جون 2021 16:16

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 جون2021ء ) حزب اختلاف نے قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے دوران احتجاج نہ کرنے کے لیے شرط رکھ دی۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی ، ملاقات میں مسلم لیگ ن کی طرف سے رانا تنویر اور ایاز صادق جب کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور شازیہ مری سمیت دیگر رہنمام شریک ہوئے ، اس دوران اسپیکر اسد قیصر نے اپوزیشن رہنماؤں سے درخواست کی کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے دوران شور شرابہ نہ کیا جائے اور سکون سے تقریر سنیں ، جس پر حزب اختلاف نے جواب دیا کہ اس بات کا انحصار وزیراعظم کی تقریر اور ان کے رویے پر ہے اگر وزیراعظم نے بے جا تنقید کا نشانہ بنایا تو ہم بھی خاموش نہیں رہیں گے ، ذرائع کہتے ہیں کہ اپوزیشن کی جانب سے اپنائے گئے موقف کے جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ایسا نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے پہلے قومی اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومتی اراکین آمنے سامنے آگئے جس کے نتیجے میں اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کو تقریر نہ کرنے دینے کی دھمکیاں دی گئیں، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے بولنے نہ دیا توعمران خان آئیں دیکھتا ہوں وہ کیسے تقریر کرتے ہیں جب کہ مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر تقریرنہیں کر سکتا تو شائد لیڈرآف دی ہاؤس بھی نہ کرسکے۔

جس کے جواب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بلاول بھٹو زرداری اور شاہد خاقان عباسی کو دوٹوک انداز میں کہا کہ اگر ایوان میں وزیراعظم کو بولنے نہ دیا گیا تو نہ بلاول بولے گا نہ شہباز بول سکتا ہے۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف اپنی حکومتی اتحادی ایم کیو ایم پاکستان کو منانے میں ناکام ہوگئی ، پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی علی عزیز اور ارسلان تاج نے ایم کیوایم پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل کو منانے کی کوشش کی جس کے جواب میں ایم کیو ایم رہنماء نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کوئی مشورہ کیا اور نہ ہی ہمیں کچھ بتایا ، جو احتجاج ہو رہا ہے اس میں بھی عوام کے مسائل پر کوئی بات نہیں ہو رہی ، جس پر تحریک انصاف کے علی عزیز نے کنور نوید جمیل سے کہا کہ آپ ہمارے ساتھ اپوزیشن چیمبر میں چلیں ، جس کے جواب میں ایم کیو ایم رہنما نے صاف جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم نہیں جا رہے ، پھر بات کریں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات