Live Updates

قومی اسمبلی اجلاس:بلاول بھٹو اور شاہ محمود قریشی میں تلخ جملوں کا تبادلہ

قریشی وزارت عظمی کے خواہشمند تھے اس لیے وزارت سے ہٹایا تھا. بلاول بھٹو‘پیپلزپارٹی بچے کو لکھی ہوئی 2، 4 پرچیاں پکڑا دیتی ہے اور بچہ آکر آٹو پر آن ہوجاتا ہے. وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 30 جون 2021 16:38

قومی اسمبلی اجلاس:بلاول بھٹو اور شاہ محمود قریشی میں تلخ جملوں کا تبادلہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 30 جون ۔2021 ) قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے متوقع خطاب سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مابین گرما گرمی دیکھنے میں آئی اور ایک دوسرے کو جواب دیتے ہوئے سخت الفاظ استعمال کیے گئے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اگر حکومت بجٹ پر ووٹنگ میں دھاندلی نہیں کرتی تو دنیا دیکھتی کہ وزیراعظم کے پاس 172 ووٹس بھی نہیں ہیں خیال رہے کہ ایک روز قبل قومی اسمبلی نے نئے مالی سال کے لیے کثرت رائے سے بجٹ منظور کرلیا تھا، اس دوران وزیراعظم صرف 50 منٹ اجلاس میں موجود رہے اور حکومتی اراکین کی تعداد کافی ہونے کے سبب حتمی ووٹ سے قبل ہی ہال سے واپس چلے گئے تھے.

انہوں نے کہا کہ بجٹ پر قوم کے 172 نمائندوں نے ووٹ دے کر اعتماد کا اظہار کیا اور جب ووٹ کی عزت کی بات آئے تو اپوزیشن اور حکومت دونوں کی جانب سے عزت ملنی چاہیے، یکطرفہ عزت نہیں ہوسکتی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کو مخاطب کرکے کہا کہ اگر آپ دھاندلی نہیں کرتے تو وزیر اعظم عمران خان کے پاس فنانس ترمیمی بل کی تحریک کے حق میں 172 ووٹ نہیں تھے.

بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر آپ وقت نہ دیتے تو حکومت کے پاس فنانس ترمیمی بل کی تحریک منظور کرنے میں کے لیے ان کے پاس مطلوبہ تعداد نہ ہوتی لیکن اسپیکر صاحب! آپ نے ہم سے ہمارا حق چھینا ہے انہوں نے اعتراض اٹھایا کہ اپوزیشن کی ترمیم کو سننے بغیر ہی مسترد کردیا جائے اور وہ بھی ایک غیر منتخب شخص مسترد کردے حکومت کو ترمیم مسترد کرنے کا جواز پیش کرنا چاہیے تھا.

بلاول بھٹو نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ نے نہ صرف اس مرتبہ بلکہ مختلف مراحل میں پارلیمنٹ کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ بجٹ سیشن ہر پاکستانی کے لیے باعث شرمندگی ہے انہوں نے کہا کہ رولز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن کے چیلنج پر دو مرتبہ وائس آف ووٹ لے سکتا ہے لیکن تیسری مرتبہ تو ووٹوں کی گنتی ہی نہیں کی گئی یہ جو ووٹ لیے گئے ہیں معاشی تباہی کا باعث بنیں گے.

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر آپ گنتی کروا دیتے تو اپوزیشن کے ریکارڈ میں آجاتا اور آخری مرتبہ ووٹ کی گنتی کو چیلنج کرنے کے لیے مجھے اٹھنا تھا لیکن بدقسمتی سے آپ چلے گئے انہوں نے کہا کہ ہمارا کام ہی بجٹ کی مذمت کرنا ہے لیکن آپ نے ہمارے حق کا معمولی سا بھی تحفظ نہیں کیا کیونکہ ہم زیادہ توقع رکھتے ہیں کہ آپ اپنے منصب کے تقدس کو غیر جانبدار رکھیں.

افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے وزیر خارجہ نے بتایا کل اس سلسلے میں اعتماد میں لینے کے لیے پارلیمانی کمیٹی برائے نیشنل سیکیورٹی اور اہم اپوزیشن راہنماﺅں کو کل مدعو کیا گیا ہے جہاں انہیں اعتماد میں لیا جائے گا بلاول بھٹو زرداری نے قواعد کی بات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج اپوزیشن اراکین نے یکے بعد دیگرے اسپیکر کی ذات کو نشانہ بنایا ان کے طریقہ کار سے اختلاف ہوسکتا ہے جس پر ان کے چیمبر میں ملاقات کی جاتی ہے اسے تضحیک کا نشانہ نہیں بنایا جاتا.

شاہ محمود قریشی نے چیئرمین پی پی پی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کن پارلیمانی روایات کی بات کرتے ہیں آپ سندھ میں جہاں آپ کی حکومت ہے وہاں قائد حزب اختلاف کو تقریر کرنے کا موقع نہیں دیا سندھ کا وزیر خزانہ اختتامی تقریر کیے بغیر رخصت ہوجاتا ہے کیا سندھ میں اپوزیشن لیڈر کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا؟انہوں نے کہا کہ یہاں ہم سے تقاضے کیے جاتے ہیں، جمہوریت کا راگ الاپا جاتا ہے جبکہ سندھ میں قائمہ کمیٹیوں میں اپوزیشن کی نمائندگی ہی نہیں دی گئی انہوں نے کہاکہ بجٹ پیش کرنے کے بعد اپوزیشن کو ان کے لیے مختص وقت سے زیادہ بولنے کا موقع دیا گیا جبکہ سندھ میں اپوزیشن کو بولنے کا موقع ہی نہیں دیا جارہا شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آپ جو یہاں مطالبے کرتے ہیں بہتر ہوتا کہ ہی بتاتے کہ سندھ میں یہ مثال قائم کی گئی، آئینہ دکھاتے ہیں، دیکھتے نہیں ہیں.

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے کٹ موشنز پیش کیے جن پر انہیں بات کرنے کا مکمل موقع دیا گیا اور جواب دیا گیا، ووٹ ہوا اب اس میں شکست ہوگئی تو اسے تسلیم کرلیں یہ بھی پارلیمانی روایت ہے انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی رکن پارلیمانی روایات کی بات کرتے ہیں تو روایت تو یہ ہے کہ جب انہیں بات کرنے کا موقع دیا گیا تو بات کا جواب لیں. انہوں نے کہا کہ یہ کونسی پارلیمانی روایت کی بات کرتے ہیں اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ غل غپاڑہ شور شرابا کر کے ہمیں دبا دیں گے تو یہ نہیں ہوگا اس ایوان کے ماحول کو بگاڑنے کی ابتدا اپوزیشن نے کی اگر وہ عمران خان کو اپنی تقریر کرنے دیتے تو یہ نوبت نہیں آتی.

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عمران خان کو بات نہ کرنے دی گئی تو نہ بلاول اور نہ ہی شہباز شریف بات کریں گے، میٹھا میٹھا ہپ ہپ کڑوا کڑوا تھو تھو نہیں چلے گا وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر آپ روایات پر عمل اور قواعد کی پیروی کرنا چاہتے ہیں تو ہم تیار ہیں لیکن اگر آپ ہمیں دبانا چاہیں گے تو ہم نہیں دبیں گے شاہ محمود قریشی کی تقریر کے بعد بلاول بھٹو نے اسپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی کہ انہیں ذاتی وضاحت کا موقع دیا جائے اور اجازت ملنے پر کہا کہ جہاں جہاں میرا نام لیا گیا ہے میں جواب دوں گا انہوں نے کہا کہ جتنا ہم ملتان کے فاضل رکن کو جانتے ہیں اتنا تو آپ بھی نہیں جانتے ابھی عمران خان کو معلوم ہوجائے گا کہ یہ کیا چیز ہیں.

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ انہوں نے بار بار میرا نام لیا لیکن میں انہیں اتنی اہمیت نہیں دیتا کہ ان کا نام لوں اور اگر وہ وزیراعظم کی تقریر کروانا چاہتے تھے تو انہیں چاہیے تھا کہ احترام کے ساتھ میری بات سنتے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے پاس لودھراں سے بہت سی خبریں آرہی ہیں مجھے بات مکمل کرنے دیں آپ اپنا آرڈر لے کر آئیں ورنہ میں یہاں ہوں عمران خان یہاں آئیں اور تقریر کریں میں دیکھتا ہوں کہ کیسے تقریر کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ اراکین کو قواعد کی پاسداری کرنی پڑے گی ورنہ یہ ایوان نہیں چلے گا فاضل رکن ملتان نے اس پارٹی پر تنقید کی جس نے انہیں وزیرخزانہ صدر پنجاب بنایا تھاآپ خان صاحب کو بتائیں کہ اس شخص کو پہچانیں.

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں انہیں بچپن سے دیکھتے ہوئے آرہا ہوں میں نے انہیں جیے بھٹو کا نعرہ لگاتے ہوئے دیکھا ہے اپنی وزارت بچانے کے لیے میں نے اس رکن کو اگلی باری پھر زرداری کا نعرہ لگاتے دیکھا ہے اور اب آپ دیکھیں گے کہ وہ آپ کے وزیراعظم کے ساتھ کیا کرتے ہیں. انہوں نے کہا کہ یہ وہ وزیر خارجہ ہیں جو کشمیر کے سودے میں ملوث ہیں ایسے وقت میں کہ جب افغانستان سے امریکی انخلا ہورہا ہے تو پاکستان کی اسٹریٹیجک لوکیشن کی وجہ سے ہمارے پر اس کے مرتب ہونے والے اثرات اور ہمارا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور وزیر خارجہ کو یہاں تقریر کرنے کے بجائے وزیراعظم کے لیے امریکی صدر جو بائیڈن کی فون کال کا بندوبست کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے ملک کے لیے بے عزتی اور ہمارے لیے شرمندگی کا باعث ہے کہ ہمارا وزیراعظم اتنی اہمیت ہی نہیں رکھتا کہ اسے ایک فون کال کی جائے وزیر خارجہ کو اپنی آواز سننے کا اتنا شوق ہے کہ وہ اس جماعت اور حکومت کے لیے خطرہ بننے والے ہیں.

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ فاضل رکن نے جنوبی پنجاب کے اتحاد کے ساتھ پی ٹی آئی کی انتخابی مہم چلائی تھی جس میں صوبہ دینے کا وعدہ کیا تھا وہ سیکرٹریٹ دے کر اعلان کرچکے ہیں وہ آئندہ مرتبہ انتخابات میں حصہ ہی نہیں لیں گے کیوں کہ نہ وہ صوبہ دے سکیں نہ اپنے علاقے میں چہرہ دکھانے کے قابل ہیں انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ سے متعلق بات کی گئی تو اس سے متعلق جو بات ہوتی ہے وہ سندھ اسمبلی میں ہوگی جب یہاں کے بندروں نے حملہ کرنے کی کوشش کی تو وہاں کے اسپیکر نے کچھ اراکین پر پابندی لگادی لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں کیوں کہ وہ دلچسپی نہیں رکھتے.

انہوں نے کہا کہ جو کارٹونز آپ لے کر ائیں ہیں انہوں نے تاریخ رقم کی ہے ایک کٹھ پتلی نے ایک کٹ موش پیش نہیں کیا گیا جو ان کی سنجیدگی ظاہر کرتا ہے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں درخواست کرتا ہوں کہ وزیراعظم کو آئی ایس آئی کو کہنا چاہیے کہ شاہ محمود قریشی کا فون ٹیپ کریں کیوں کہ یہ جب ہمارے وزیر خارجہ تھے تو دنیا میں مہم چلاتے تھے کہ یوسف رضا گیلانی کی جگہ انہیں وزیراعظم بنادیا جائے، اسی وجہ سے انہیں وزارت سے بھی فارغ کیا گیا تھا.

انہوں نے کہا کہ فاضل رکن نے کہا کہ بجٹ اکثریت سے پاس ہوا وہ جھوٹ بول رہے ہیں جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ بجٹ کو تمام قواعد پر عمل کرتے ہوئے منظور کیا گیابلاول بھٹو کی بات کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قائد نے کہا کہ یہ مجھے اچھی طرح جانتے ہیں تو میں بھی انہیں اس وقت سے جانتا ہوں جب یہ چھوٹے سے تھے انہوں نے کہا کہ میں انہیں اس وقت سے جانتا ہوں جب کونے میں کھڑے ہو کو جھڑکیاں کھاتے تھے میں ان کو بھی جانتا ہوں ان کے بابا کو بھی جانتا ہو یہ مجھے کیا جانتے ہوں گے وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ پیپلز پارٹی کی بات کررہے ہیں آپ بچے کو لکھی ہوئی 2، 4 پرچیاں پکڑا دیتے ہیں اور بچہ آکر آٹو پر آن ہوجاتا ہے سوئچ آن ہوجاتا ہے آف ہوجاتا ہے ابھی کچھ وقت لگے گا بچے کو.

انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم تھا کہ میری ایک تقریر سے بلاول اتنا پریشان ہوجائیں گے،یہ تو ابھی طفلِ مکتب لگتے ہیں ابھی تو بہت سفر طے کرنا ہے یہ یوسف رضاگیلانی کی بات کررہے ہیں کم از کم انہیں مک مکا سے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر تو نہ بنایا ہوتا شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ سرکاری ووٹرز ہیں یوسف رضا گیلانی آج اپوزیشن لیڈر بنے ہوئے ہیں بلاول اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں انہیں اپنی اصلیت نظر آجائے گی، انہیں اپنا پتا چل جائے کہ کتنے پانی میں ہیں وزیر خارجہ نے کہا بچہ آج بہت پریشان ہوگیا ہے میں بچے کی پریشانیوں میں مزید اضافہ نہیں کرنا چاہتا اور کہتا ہوں کہ چلو جانے دیا پھر کبھی سہی.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات