اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کا قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس پر اطمینان کا اظہار

موجودہ صورتحال پر بڑی جامع بریفنگ دی گئی، اِن کیمرا بریفنگ کی تفصیلات نہیں بتا سکتے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی سوالات کے جوابات دیے۔قائد حزب اختلاف کی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 1 جولائی 2021 19:29

اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کا قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس پر اطمینان کا ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر، قائدحزب اختلاف میاں شہبازشریف نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس پر اطمینان کا اظہار کردیا، انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی ،اِن کیمرا بریفنگ تھی اس لیے تفصیلات نہیں بتا سکتے۔ انہوں نے پارلیمانی کی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بریفنگ سے بہت زیادہ مطمئن ہیں، موجودہ صورتحال پر جو بریفنگ دی گئی وہ جامع ہے، بہت سارے ایشوز پر بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بریفنگ میں خارجہ پالیسی، داخلی صورتحال ، کشمیر اور افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، اِن کیمرا بریفنگ تھی اس لیے تفصیلات نہیں بتا سکتے۔ شہبازشریف سے سوال کیا گیا کہ اڈے نہ دینے لے سوال پر آپ کیا کہیں گے؟جس پر جواب دیا کہ وہ تو آپ کو پتا ہی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی سوالات کے جوابات دیے، وزیراعظم عمران خان کے اجلاس میں آنے سے متعلق سوال پرشہبازشریف نے کوئی جواب نہیں دیا۔

یاد رہے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا ان کیمرہ اجلاس ہوا۔ نجی ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں افغانستان، مقبوضہ کشمیر سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، ڈی جی آئی ایس آئی نے خطے کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔ افغانستان سے امریکی افواج سمیت نیٹو افواج کے انخلاء سمیت دیگرامور پر بھی بریف کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ پارلیمانی لیڈرز اور قومی سلامتی کمیٹی کو بین الاقوامی تعلقات سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سی پیک سمیت دیگر اہم پراجیکٹس پر بھی بریف کیا گیا۔ اس سے قبل اجلاس کے وفقے میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایک سوال پر بتایا کہ آج ہماری آنکھیں بھی بند ہیں، جبکہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ اجلاس کے بعد ہی کچھ بتا سکیں گے۔