بیرسٹر سلطان محمود ایک بے داغ ماضی کے مالک ہیں ،مخالف امیدوار کا لیڈر چور اور مفرور ہے، علی امین گنڈاپور

گلگت بلتستان کی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر دئیے، آزاد کشمیر کے عوام سے بھی کیے وعدے پورے کریں گے، جلسے سے خطاب

جمعہ 2 جولائی 2021 00:00

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2021ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہاہے کہ بیرسٹر سلطان محمود ایک بے داغ ماضی کے مالک ہیں ،مخالف امیدوار کا لیڈر چور اور مفرور ہے۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہونے کہاکہ بیرسٹر سلطان محمود ایک بے داغ ماضی کے مالک ہیں ،بیرسٹر سلطان محمود کا مخالف امیدوار نااہل ہے اور مخالف امیدوار کا لیڈر چور اور مفرور ہے ۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا معاشی مشکلات کے باوجود بجٹ بڑھایا،عمران خان ایل او سی پر رہنے والے کشمیری عوام کی حفاظت کے لیے 3 ارب کی لاگت سے بنکرز بنا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے واضح کیا کہ 5 اگست کے اقدامات واپس لینے تک بھارت سے سفارتی تعلقات قائم نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی تیس سال سے حکومت ہے ،سندھ میں کتے کاٹنے والی ویکسین نہیں ملتی۔

انہوںنے کہاکہ بلاول کی پھپھو فریال تالپور نے آزاد کشمیر کے اربوں روپے لوٹے۔ انہوںنے کہاکہ مودی کو اپنے گھر بلاتے ہوئے نواز شریف کو کشمیریوں کی یاد نہیں آئی ،اب یہ کس منہ سے کشمیریوں کے حقوق کی بات کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ یہ اپنے ذاتی مفادات کی حفاظت کے لیے کسی بھی حد تک گر سکتے ہیں،عمران خان نے واضح کیا کہ کسی کی جنگ میں حصہ نہیں لیں گے۔

انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان کا بجٹ پاس ہو چکا ہے ،گلگت بلتستان کے ہر نمائندے کو حلقے کے مسائل کے حل کے لیے بجٹ میں ایک ایک ارب روپے دئیے ہیں،عمران خان نے گلگت بلتستان کے لیے 370 ارب کا ترقیاتی بجٹ دیا ۔ انہوںنے کہاکہ آپ نے تحریک انصاف کو کامیابی دلانا ہے،میرپور کے ہر گھر تک گیس پہنچائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کی آزاد کشمیر میں حکومت بنا کے چوروں ڈاکوؤں کا خاتمہ کریں گے،گلگت بلتستان کی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر دئیے، آزاد کشمیر کے عوام سے بھی کیے وعدے پورے کریں گے۔