مقبوضہ جموںوکشمیر : پلوامہ میں 5کشمیری نوجوان شہید ،2بھارتی فوجی ہلاک

مودی حکومت پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے ، حریت کانفرنس جموں ایئر بیس پر ڈرون حملہ پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے بھارت کی طرف سے ایک اورجعلی کارروائی ہے،رپورٹ

جمعہ 2 جولائی 2021 19:21

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میںبھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعہ کو ضلع پلوامہ کے علاقے راج پورہ میں 5کشمیری نوجوانوںکو شہید کردیا۔ فوجیوں نے نوجوانوں کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس سے قبل اسی علاقے میں ایک حملے میںدو بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میںفوجی کارروای جاری تھی۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیر میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ جون میں بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں 16بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جبکہ صرف گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 13کشمیریوںکو شہید کیاگیا ۔

(جاری ہے)

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت جموں میں جعلی ڈرون حملوں کے جاری ڈرامے میں پاکستان کو ملوث کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ مودی حکومت اپنی ناکامی کو چھپانے اور مقبوضہ جموںوکشمیر کی سنگین صورتحال سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کیلئے مودی حکومت کے 05اگست 2019 اوراس کے بعد کئے جانے والے غیر قانونی اقدامات کو موثر طورپراجاگر کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ بھارتی حکومت پاکستان پر دبائو بڑھانے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت سے اسے دستبردار کرانے اوردنیا کی ہمدردیاںحاصل کرنے کیلئے جموںمیں نام نہاد ڈرون حملوں کا الزام پاکستان پر عائد کر رہی ہے ۔

ترجمان نے خبردار کیا کہ بوکھلاہٹ کا شکار مودی حکومت اندرونی اور بیرونی دبائو کو کم کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے اور وہ اس مقصد کیلئے اپنا پسندیدہ پاکستان مخالف کارڈ استعمال کرسکتی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کی طرف سے جمعہ کو جاری کی جانیوالی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ جموں ایئر بیس پر ڈرون حملہ پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے بھارت کی طرف سے ایک اورجعلی کارروائی ہے ۔

رپورٹ کے مطابق یہ حملہ پاکستان اور جدوجہد آزادی کشمیر کے خلاف بھارت کی ہائبرڈ جنگ کا حصہ ہے ۔ رپورٹ میں واضح کیاگیا ہے کہ بھارت پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کو بدنا م کرنے کیلئے جعلی کارروائیوں کی طویل تاریخ رکھتا ہے اور سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس ، پٹھان کوٹ ، اوڑی اور بھارتی پارلیمنٹ پر حملے ماضی میں بھارت کی طرف سے کی گئی جعلی کارروائیوں کی چند مثالیں ہیں۔

انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے ایک بیان میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی اگست 2019کے بعد سے مسلسل گھر میں غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ بیان میں افسوس ظاہر کیاگیا ہے کہ قابض انتظامیہ نے کشمیری عوام کو جامع مسجد سرینگر کے منبر سے گزشتہ سو سے زائد مرتبہ میر واعظ کے نماز جمعہ کے خطبے سے محروم کر دیا ہے ۔

دریں اثناء حریت رہنمائوںاور تنظیموں بشمول بلال احمد صدیقی ، جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور جموںوکشمیر ماس موومنٹ نے سرینگر سے جاری اپنے الگ الگ بیانات میں دلی کی ایک عدالت کی طرف سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء شبیر احمد شاہ کی ایک جھوٹے اوربے بنیاد مقدمے میں ضمانت کی درخواست مسترد کئے جانے کو بدترین سیاسی انتقام قراردیا ہے ۔

معروف کشمیری نوجوان رہنماء برہان مظفر وانی کو انکی شہادت کی 5 ویں برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سرینگر ،پلوامہ اوردیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں۔بھارتی فوجیوںنے برہان وانی کو ان کے دو ساتھیوں کے ہمراہ 8 جولائی 2016 کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں ایک جعلی مقابلے میں شہیدکردیاتھا۔یہ پوسٹر جموں وکشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جسٹس اینڈ پیس انیشیٹو، جموں وکشمیر جسٹس لیگ ، کشمیر ریزسٹنس موومنٹ اور کشمیر حریت فورم کی طرف سے چسپاں کئے گئے ہیں ۔