Live Updates

قومی سلامتی کمیٹی میں وزیراعظم کی موجودگی پر بات نہیں ہوئی

اجلاس میں ملک کی اندرونی سیاست پر کوئی بات نہیں ہوئی۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 3 جولائی 2021 10:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 جولائی 2021ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی موجودگی سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے دعوے کی تردید بھی کی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ملک کی اندرونی سیاست پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

قومی سلامتی کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومت ایک ہیں، افغانستان میں امن چاہتے ہیں، قوم امریکا کو اڈے نہ دینے پر عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ برطانیہ سے مجرمان کی حوالگی کا معاہدہ ایک ڈیڑھ ماہ میں ہوجائے گا لیکن کیا نوازشریف کو واپس لاسکتے ہیں اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔

(جاری ہے)

ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ پر شیخ رشید احمد نے اعتراف کیا کہ کوتاہی ہوئی ہے ۔ ایسا نہیں ہونا چاہیئے تھا۔ آزاد کشمیر الیکشن سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ تحریک انصاف کی آزاد کشمیر الیکشن مہم کی قیادت وزیر اعظم عمران خان خود کریں گے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا ان کیمرا طویل اجلاس ہوا جو لگ بھگ آٹھ گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔

پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے ان کیمرہ اجلاس میں آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، دیگر عسکری حکام، اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت سیاسی قیادت اور چاروں وزرائے اعلیٰ بھی شریک تھے۔ اس اہم اجلاس میں افغانستان اور ملکی سیکیورٹی پر بریفنگ دی گئی، شرکا نے عید سے قبل دوبارہ اجلاس بلانے پر اتفاق کیا۔ اس اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے شرکت نہیں کی تھی جس پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی دھمکی کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے ، جبکہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا اجلاس میں شریک نہ ہونا طے تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات