منی لانڈرنگ کیس، ایف آئی اے نے حمزہ شہباز سے جائیدادوں کی منی ٹریل مانگ لی

30 دن کے اندر منی ٹریل دی جائے ورنہ کارروائی ہوگی، تمام جائیدادوں کی منی ٹریل ایف آئی اے کو دینے میں ناکام رہے تو جائیدادیں ضبط بھی کی جا سکتی ہیں۔ نوٹس کا متن

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 3 جولائی 2021 15:40

منی لانڈرنگ کیس، ایف آئی اے نے حمزہ شہباز سے جائیدادوں کی منی ٹریل مانگ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی2021ء) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کو اپنی اور خاندان کی تمام پراپرٹیز کی منی ٹریل دینے کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سے گاڑیوں، بینک اکاؤنٹس، شیئرز، جیولری، کیش اور پرائز بانڈز کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں ، ایف آئی اے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 30 دن کے اندر منی ٹریل دی جائے ورنہ کارروائی ہوگی ، تمام جائیدادوں کی منی ٹریل ایف آئی اے کو دیں اگر ایسا کرنے میں ناکام رہے تو جائیدادیں ضبط بھی کی جا سکتی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ جن جائیدادوں کی منی ٹریل مانگی گئی ہے ان میں 2013 ء اور 2014 ء میں بنایا گیا جوڈیشل کالونی ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں 10 کنال کا گھر، جوہر ٹاؤن میں 71 کنال اراضی اور چنیوٹ کے موضع دھروٹ میں 250 کنال زرعی اراضی بھی شامل ہے ، اس کے علاوہ شیف فیڈ ملز، مدینہ کنسٹرکشن کمپنی، مدنی ٹریڈنگ، شریف پولٹری فارمز، شریف ڈیری فارمز اینڈ ملک پروڈکٹس، رمضان شوگر ملز اور العربیہ شوگر ملز میں سرمایہ کاری اور خاندانی شیئرز کے حوالے سے تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں، ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کو رواں ماہ کے اختتام تک دوبارہ طلب کر لیا جب کہ منی ٹریل کے لیے جاری کیے گئے ایف آئی اے کے نوٹس میں حمزہ شہباز سے استفسار کیا گیا ہے کہ ثابت کریں کہ آپ کی جائیدادیں منی لانڈرنگ کے پیسوں سے نہیں بنائی گئیں۔ اس سے پہلے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز ایف آئی اے کو منی لانڈرنگ سے متعلق جوابات دینے میں ناکام رہے، حمزہ شہباز نے شوگر اسکینڈل میں پیشی کے دوران ایف آئی اے افسر کو کہا کہ ڈائریکٹر صاحب!وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا، تمام اثاثے ایف بی آر اورالیکشن کمیشن میں ظاہرشدہ ہیں، تفتیش سیاسی نوعیت کی ہے۔