آئی جی پنجاب کی ہدایات پر صوبہ بھر میں سماج دشمن عناصر و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

وہاڑی پولیس نے ماہ جون میں 116مجرمان اشتہاری گرفتار کئے 107منشیات فروش اور 87اسلحہ ناجائز رکھنے والوں کو بھی گرفتار کیا گیا

ہفتہ 3 جولائی 2021 17:33

آئی جی پنجاب کی ہدایات پر صوبہ بھر میں سماج دشمن عناصر و جرائم پیشہ ..
وہاڑی(سید وسیم بخاری-اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جولائی۔2021ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب انعام غنی کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور خاص طور پر اشتہاری ملزمان، ناجائز اسلحہ اور منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی امیر عبداللہ خان نیازی کی قیادت میں وہاڑی پولیس نے ماہ جون 2021سماج دشمن عناصر کی گرفتاریوں کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

اس دوران وہاڑی پولیس کی جانب سے سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لئے شروع کی گئی مہم کے دوران پولیس ٹیموں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قتل، ڈکیتی اوررابری سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک116مجرمان اشتہاری گرفتارکئے جن میں 20اے کیٹگری کے جبکہ96بی کیٹگری کے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس عرصہ کے دوران وہاڑی پولیس نے کرائم برخلاف پراپرٹی کے96 مقدمات کو ٹریس کرکے47لاکھ 18ہزار روپے سے زائد مالیتی پراپرٹی برآمد کی جبکہ5گینگ ہائے کے16ممبران کو گرفتار کر کے 18لاکھ13ہزارسے زائدمالیتی برآمدگی کو بھی یقینی بنایا۔


اس کے علاوہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کر تے ہوئے87ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے بھاری اسلحہ ناجائز برآمدکیا جن میں 09 بندوق، 07 رائفل،62 پسٹل، 01ریوالور3کاربین اورسینکڑوں گولیاں شامل ہیں۔سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 107ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے26کلوچرس،2038 لیٹر شراب معہ لاہن،05چالو بھٹیاں اور شراب کشید کرنے والا سامان برآمد کیا گیا۔

نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے 25مقدمات درج کئے گئے جن میں 08مقدمات لاوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر اور  17کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پردرج کئے گئے۔اس کے علاوہ ضلع وہاڑی کے مختلف تھانہ جات میں تیز رفتاری کے116مقدمات، بجلی چوری کے80مقدمات، آتش بازی کے02، غیر قانونی گیس ریفلنگ کے06،  بوگس نمبر پلیٹ کے 11،کھلے عام پٹرول کی فروخت کے 3، گاڑیوں میں غیر معیاری سلنڈر کے02، اسلحہ کی نمائش کا 01، شیشہ سموکنگ کا 1اور قمار بازی ایکٹ کے09مقدمات درج رجسٹر کئے گئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی امیر عبداللہ خان نیازی نے کہا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف آپریشنز کے دوران شہریوں کے سہولت کو مقدم رکھا جارہاہے تاکہ عوام میں احساس تحفظ مزید اجاگر ہو اور وہ پولیس کو اپنا معاون و مددگار سمجھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اشتہاریوں، ڈاکوؤں، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن روزانہ کی بنیاد پرجاری رہے گا۔