عوام وزیر اعظم عمران خان کی متحرک قیادت پر یقین رکھیں،ملک امین اسلم

امریکہ سمیت اب کوئی طاقت پاکستان پر فیصلے نہیں ٹھونس سکتی ، عمران خان عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے سو بار بھی امریکہ کو انکار کر سکتے ہیں،معاون خصوصی

ہفتہ 3 جولائی 2021 22:30

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2021ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ عوام وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی متحرک قیادت پر یقین رکھیں امریکہ سمیت اب کوئی طاقت پاکستان پر فیصلے نہیں ٹھونس سکتی ، عمران خان عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے سو بار بھی امریکہ کو انکار کر سکتے ہیں، وزیر اعظم باوقار پاکستان کیلئے مثبت سوچ کے ساتھ ملک کی قیادت کر رہے ہیں، حال ہی میں انہوں قومی اسمبلی میں پاکستان کی خود مختاری کا بھر پور دفاع کرتے ہوئے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کے وقار پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا ، ملک کے معاشی عشارئیے درست سمت میں ہیں جس سے معاشی انقلاب آئے گا اور عوامی مسائل حل ہونگے ، وہ ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے ڈھوک جوندہ اور ناوہ کو سوئی گیس کی فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ، پی ٹی آئی کے رہنما سید خاور عباس بخاری ، صحافی نثار علی خان اوردیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں ، ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں ضلع اٹک کی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھر پور اقدامات کئے جارہے ہیں،ضلع بھر میں دور دراز علاقوں کو بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے سوئی گیس کے ساتھ دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک کے مختلف علاقوں کو ترجیح بنیادوں پر تین سو گیس کنکشن لگانے کے لیے سوئی گیس حکام ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ضلع اٹک میں ترقیاتی کام ترجیح بنیادوں پر مکمل کروائے جا رہے ہیں تا کہ ان کے فوائد عوام تک پہنچ سکیں۔