محض 10 دن میں لاہور کی میٹرو بس میں دوسری بار آگ لگ گئی

میٹرو بس گجومتہ سے شاہدرہ کی جانب جا رہی تھی کہ اس دوران کچہری سٹیشن کے قریب اس میں آگ لگ گئی، آتشزدگی سے میٹرو بس کا انجن مکمل طور پر جل گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 6 جولائی 2021 16:26

محض 10 دن میں لاہور کی میٹرو بس میں دوسری بار آگ لگ گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جولائی2021ء) صرف 10 دن روز میں لاہور کی میٹرو بس میں دوسری بار آگ لگ گئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں چلنے والی میٹرو بس میں ایک بار پھر آگ لگ گئی، آتشزدگی کا واقعہ کچہری سٹیشن کے قریب پیش آیا جہاں میٹرو بس گجومتہ سے شاہدرہ کی جانب جا رہی تھی کہ اس دوران کچہری سٹیشن کے قریب اس میں آگ لگ گئی، آگ 2013 ماڈل کی بس نمبر 9694 میں لگی۔

بتایا گیا ہے کہ موقع پر موجود میٹرو بس کے عملے نے آگ بجھانے والے آلات کی مدد سے آتشزدگی پر قابو پایا اور خوش قسمتی سے آگ لگنے کے دوران کوئی بھی جانی نقصان نہ ہوا تاہم آگ لگنے سے میٹرو بس نمبر کا انجن مکمل طور پر جل گیا۔

چند روز قبل بھی لاہور کے یادگار اسٹیشن کے قریب میٹرو بس میں آتشزدگی سے بس جل کر خاکستر ہو گئی تھی، ریسکیو حکام کے مطابق میٹرو بس میں آگ وائرنگ شارٹ ہونے کے باعث لگی ، آگ لگنے کے بعد میٹرو بس اتھارٹی کا عملہ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گیا جب کہ بس سروس تعطل کا شکار ہو گئی۔

(جاری ہے)

جب کہ آج پیش آنے والا واقعہ میٹرو بس ٹریک پر چند ہی روز میں پانچواں تشویش ناک واقعہ ہے ، اس سے قبل 18 جون 2021ء کو بھی لاہور میٹرو بس میں آگ بھڑک اٹھی تھی ، آگ لگنے کے بعد مسافروں کو ہنگامی طور پر بس سے اتار لیا گیا جب کہ آگ بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ عملے کو طلب کیا گیا۔ علاوہ ازیں ایک اور واقعے میں لاہور میں میٹرو بس ماڈل ٹاؤن اسٹیشن کے قریب بس حادثے کا شکار ہو گئی ، حادثے کا شکارہونے والی بس کو نقصان پہنچا تاہم بس میں موجود تمام مسافر محفوظ رہے ، بریک فیل ہونے کے باعث میٹرو بس جنریٹر اور جنگلے سے ٹکرا گئی ، جس کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بس کو ٹریک سے ہٹا دیا گیا۔