ڈپٹی کمشنرآسیہ گُل کے زیر صدارت عیدالاضحی کے سلسلے میں ضلع بھر میں مویشی منڈیوں کے قیام کے حوالے سے جائزہ اجلاس

ضلع میں مختلف مقامات پر 10سے زائد مویشی منڈیاں قائم کی جارہی ہیں، اسسٹنٹ کمشنر زکو مویشی منڈیوں کے قیام اور وہاں سہولیات کی فراہمی کو حتمی شکل دینے کی ہدایت ،امسال مویشی منڈیوں کے علاوہ گلی محلوں یا دیگر مقامات پر مویشوں کی خریدوفروخت کی ہرگز اجازت نہ دی جائیگی ‘ڈپٹی کمشنرآسیہ گُل

منگل 6 جولائی 2021 21:29

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2021ء) ڈپٹی کمشنر قصور آسیہ گُل کی زیر صدارت عیدالاضحی کے سلسلے ضلع بھر میں مویشی منڈیوں کے قیام کے حوالے سے جائزہ اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر حسین چیمہ، اسسٹنٹ کمشنرقصور اورنگزیب سدھو، اسسٹنٹ کمشنر چونیاں رضوان الحق اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کوٹ رادھاکشن راجہ قاسم محبوب جنجوعہ اور اسسٹنٹ کمشنر پتوکی اُسامہ شیرون نیازی نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی، تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے مویشی منڈیوں کے قیام کے سلسلے میں کیے گئے اقدامات پراجلاس کو بریفنگ دی، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آسیہ گُل نے اسسٹنٹ کمشنر زکو مویشی منڈیوں کے قیام اور وہاں سہولیات کی فراہمی کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منڈیوں میں عوام الناس اور بیوپاریوں کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

مویشی منڈیوں میں لائٹس، صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں ۔ مویشی منڈیوں میں پارکنگ کے مناسب انتظامات کے ساتھ ساتھ میڈیکل کیمپ اور لائیوسٹاک کیمپ بھی لگائے جائیں، تمام مویشی منڈیوں میں ڈینگی اور کانگو وائرس سے بچائو کے لیے جراثیم کش سپرے کیا جائے، امسال مویشی منڈیوں کے علاوہ گلی محلوں یا دیگر مقامات پر مویشیوں کی خریدوفروخت کی ہرگز اجازت نہ دی جائے گی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گااور منڈیوں میں برسات کے موسم کے حوالے سے خصوصی طورپر حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں۔