چین، جرمنی، نیدرلینڈ اور پولینڈکی مارکیٹوں میں پاکستانی برآمدات میں تیزی آئی ہے ‘ عبد الرزاق دائود

گزشتہ مالی سال کے مقابلے برآمدات بڑھ کر 308 ملین ڈالرتک پہنچ گئیں‘ مشیر برائے تجارت کا بیان

منگل 6 جولائی 2021 22:45

چین، جرمنی، نیدرلینڈ اور پولینڈکی مارکیٹوں میں پاکستانی برآمدات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2021ء) وزیر اعظم کے مشیربرائے تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ چین، جرمنی، نیدرلینڈ اور پولینڈکی مارکیٹوں میں پاکستانی برآمدات میں تیزی آگئی ہے ، گزشتہ مالی سال کے مقابلے برآمدات بڑھ کر 308 ملین ڈالرتک پہنچ گئیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمدات کی اہم تجارتی مارکیٹیوں میں زبردست اضافہ ہوا ،چین، جرمنی، نیدرلینڈ اور پولینڈکی مارکیٹوں میں پاکستانی برآمدات میں تیزی دیکھی گئی ہے ،چین کو برآمدات میں 34 فیصد اضافہ ہوا اور 2 عشاریہ 33 بلین امریکی ڈالرتک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں برآمدات 1 عشاریہ 74 بلین تھیں۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی کو برآمدات میں 19فیصداضافہ ہوا اور برآمدات 1عشاریہ 3 بلین ڈالرسے بڑھ کر 1عشاریہ 5 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

(جاری ہے)

نیدرلینڈسے برآمدات 23فیصداضافے سے 1 عشاریہ 2 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں نیدر لینڈ کی برآمدات 1 بلین ڈالر تھیں، اسی طرح پولینڈ کی ایکسپورٹ میں 28فیصداضافہ ہوا جس کے بعد برآمدات گزشتہ مالی سال کے مقابلے 241 ملین ڈالر سے بڑھ کر 308 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے برآمد کنندگان نے کوروبا وبا ء کے باعث پیدا ہونے والی پریشانیوں کے باوجود یہ کام کامیابی حاصل کی جس کے وہ مستحق ہیں۔