پی ایس پی نے پاکستان کے 95 فیصد مسائل کے حل تجویز کیے ہیں جن پر عمل کرنے سے ہی ملک درست سمت کی جانب گامزن ہوسکتا ہے، مصطفی کمال

ہر قومیت، مذہب، فرقے اور علاقے سے جڑے لوگ پی ایس پی کے پلیٹ فارم سے جڑ رہے ہیں کیونکہ ہم روایتی سیاسی جماعتوں کی طرح مسائل کا رونا نہیں رو رہے بلکہ انکا قابل عمل حل تجویز کر رہے ہیں، چیئرمین پی ایس پی

بدھ 7 جولائی 2021 00:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2021ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی نے نئے ریاستی معاہدے سے لے کر انتظامی اور انتخابی اصلاحات سمیت پاکستان کے 95 فیصد مسائل کے حل تجویز کیے ہیں، جن پر عمل کرنے کے بعد ہی پاکستان درست سمت کی جانب گامزن ہوسکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ پی ایس پی آج پاکستان کی عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔

ہر قومیت، مذہب، فرقے اور علاقے سے جڑے لوگ پی ایس پی کے پلیٹ فارم سے جڑ رہے ہیں کیونکہ ہم روایتی سیاسی جماعتوں کی طرح مسائل کا رونا نہیں رو رہے بلکہ انکا قابل عمل حل تجویز کر رہے ہیں۔ ہمارے پیش کردہ چھ نکات میں نا صرف کراچی سمیت پورے پاکستان کے عوامی مسائل کا حل ہے، پی ایس پی کے پیش کردہ 6 نکات ملکی استحکام و سالمیت کے نقطہ نگاہ سے اہم ترین ہیں۔

(جاری ہے)

یہ چھ نکات ہمارے وسیع ترین تجربے کا نچوڑ ہیں۔ چھ نکات میں سب سے اولین پاکستان کے معاشی حب کراچی کی درست مردم شماری اور اسکے تناسب سے قومی، صوبائی اور سینٹ میں نشستیں کی تعداد میں اضافہ۔ دوسرا اٹھارویں ترمیم میں ملنے والے اختیارات و وسائل وزیر اعلی ہاس سے نکال کر نچلی ترین سطح پر منتقلی ہے تاکہ عام عوام میں یوسی سے لیکر ملک کی ملکیت کا احساس پروان چڑھے۔

تیسرا این ایف سی ایوارڈ کی طرز پر پی ایف سی ایوارڈ کا اجرا یقینی بنایا جائے تاکہ پاکستان کے تمام اضلاع ایک ساتھ ترقی کے منازل طے کرسکیں۔ چوتھا پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کو 7 ڈسٹرکٹس کے بجائے 1 ڈسٹرکٹ کی صورت میں بحال کیا جائے تاکہ نا صرف عوام کو سہولیات انکی دہلیز پر مہیا ہوں بلکہ منتخب نمائندوں کی زمہ داریوں کا تعین اور احتساب بھی آسان ہوسکے۔

پانچواں کراچی ماسٹر پلان ڈپارٹمنٹ کو تمام اختیارات واپس کر کے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے علیحدہ کر کے بحال کیا جائے تاکہ کرپشن کا خاتمی ہوسکے۔ چھٹا کراچی میں کے پی ٹی کنٹونمنٹ سمیت تمام 18 ایجنسیوں کے بلدیاتی امور میئر کو دیئے جائیں، لینڈ کا اختیار انہیں ایجنسیز کے پاس رہیں اور اسی طرح ملک بھر میں منتخب میئرز کو بااختیار بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے لیاقت آباد میں عوامی رابطہ مہم سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیاقت آباد کی ایک مارکیٹ سے جمع کیا گیا ٹیکس بڑے شہروں سے جمع کردہ ٹیکس سے زیادہ ہے لیکن اسکے باوجود لیاقت آباد کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا ہے۔ پاک سر زمین پارٹی اہلیانِ لیاقت آباد کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔