پاکستان میں تباہ کن لوڈ شیڈنگ ہے، اندھیرے دوبارہ آ گئے ہیں،شہباز شریف

ملک میں بے روزگاری انتہا پر ہے،6 افراد کے کنبے کو ایک وقت کی روٹی مہیا کرنا ناممکن ہوگئی ہے، اپوزیشن لیڈر کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 7 جولائی 2021 18:12

پاکستان میں تباہ کن لوڈ شیڈنگ ہے، اندھیرے دوبارہ آ گئے ہیں،شہباز شریف
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں تباہ کن لوڈ شیڈنگ ہے، اندھیرے دوبارہ آ گئے ہیں،ملک میں بے روزگاری انتہا پر ہے،6 افراد کے کنبے کو ایک وقت کی روٹی مہیا کرنا ناممکن ہوگئی ہے۔ بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عابد شیر علی کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کیلئے آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، 6 افراد کے کنبے کو ایک وقت کی روٹی مہیا کرنا ناممکن ہوگئی ہے، ملک میں بے روزگاری انتہا پر ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی ہے، غریب کیلئے گوشت خریدنا ناممکن ہو گیا ہے، پورا ملک مہنگائی کے بوجھ تلے بلبلا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء نے کہا کہ نواز شریف دور میں فالتو بجلی لگائی گئی تو آج لوڈ شیڈنگ کیوں ہی نوازشریف دور میں 20-20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ختم ہو چکی تھی۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کرنا کوئی آسان کام نہیں تھا، بد قسمتی ہے کہ بجلی کے کارخانے بند ہو گئے ہیں۔مسلم لیگ (ن )کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا کہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری نے غریب کا جینا مشکل کر دیا ہے۔