کمرتوڑ مہنگائی میں 6 افراد کا خاندان ایک وقت کی روٹی نہیں کھا سکتا، شہبازشریف

کروڑوں لوگ غربت کی سطح نیچے جا چکے، کہیں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، وافر بجلی کیلئے سستے ترین منصوبے لگائے، حکومتی غلفت سے پھر بھی بدترین لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔ اپوزیشن لیڈرکی حکومتی کارکردگی پر تنقید

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 7 جولائی 2021 18:35

کمرتوڑ مہنگائی میں 6 افراد کا خاندان ایک وقت کی روٹی نہیں کھا سکتا، ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 جولائی2021ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور صدر مسلم لیگ ن میاں محمد شہبازشریف نے حکومتی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کمرتوڑ مہنگائی میں 6 افراد کے کنبے کیلئے ایک وقت کی روٹی ناممکن ہوگئی ہے، کروڑوں لوگ غربت کی سطح نیچے جا چکے، کہیں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، وافر بجلی کیلئے سستے ترین منصوبے لگائے، حکومتی غلفت سے پھر بھی بدترین لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے، حکومتی وزراء نے خود اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ نوازشریف کے دور میں وافر بجلی پیدا کی گئی، پھر آج لوڈشیڈنگ کیوں ہورہی ہے؟ نوازشریف کے دور میں پاکستان کی تاریخ کے سستے ترین منصوبے لگائے گئے۔

(جاری ہے)

حکومت نے خود اس بات کو تسلیم کیا کہ نواز شریف کے دور میں زیادہ بجلی کی پیداوار کی گئی تو پھر آج لوڈشیڈنگ کیوں ہے؟ اس وقت ملک میں تباہ کن لوڈشیڈنگ ہے، مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے اور کروڑوں لوگ غربت کی سطح نیچے جا چکے ہیں۔

6 افراد کے کنبے کو ایک وقت کی روٹی مہیا کرنا ناممکن ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تین سالوں میں بدترین غفلت اور نااہلیت کا یہ نتیجہ ہے کہ وٴبیروزگاری انتہاء پر ہے، حکومت نام کی چیز نظر نہیں آرہی،اتنا برا وقت پاکستان کی عوام نے 72 سالوں میں پہلے کبھی نہیں دیکھا، سبزیاں، انڈے، گوشت، دالیں، چینی آٹا آسمان سے باتیں کررہے ہیں، اشیاء لوگوں کیلئے خریدنا محال ہوگیا ہے۔

مہنگائی سے پورا ملک بلبلا رہا ہے۔ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ممتاز سیاسی رہنما چوہدری شیر علی کے گھر فیصل آباد میں اظہار تعزیت کیا۔ شہبازشریف نے چوہدری شیر علی کی بہو، پارٹی رہنما اور سابق وزیرعابد شیر علی کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔