جاپان کا پاسپورٹ ایک مرتبہ پھر دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار ،طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری

فلسطین کا پاسپورٹ 7 ویں، نیپال کا 8 ویں، شمالی کورین پاسپورٹ 9 ویں اور لیبیا کا پاسپورٹ 10 ویں نمبر پر رہا

بدھ 7 جولائی 2021 23:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2021ء) 2021 کی دوسری ششماہی کیلئے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کر دی گئی جس کے مطابق جاپان کا پاسپورٹ ایک مرتبہ پھر دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے۔ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے رواں سال کی دوسری ششماہی کے لیے دنیا کے طاقتور پاسپورٹس کی فہرست جاری کی ہے جس میں جاپان ایک مرتبہ پھر سرفہرست ہے۔

جاپان کے شہری 193 ممالک میں بغیر ویزا سفر یا ایئرپورٹ پہنچتے ہی ویزا حاصل کر سکتے ہیں تاہم رپورٹ میں کہا گیا کہ 2021 کی پہلی سہ ماہی کے دوران بین الاقوامی سفر کی شرح کورونا کی وبا سے قبل کے مقابلے میں محض 12 فیصد تھی، مگر دنیا کے طاقتور ترین اور کمزور ترین پاسپورٹس کی سفری رسائی میں فرق اب بھی نمایاں ہے،اس وقت جاپانی پاسپورٹس کے حامل 80 سے کم ممالک تک ویزا فری یا ایئرپورٹ پر پہنچتے ہی ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اتنے ہی ممالک تک رسائی سعودی عرب کو بھی حاصل ہے جو اس فہرست میں 71 ویں نمبر پر ہے (مگر حقیقی دنیا میں سعودی شہریوں کو صرف 58 ممالک میں یہ سہولت حاصل ہی)۔2021 کی پہلی ششماہی میں جو پاسپورٹس ٹاپ 10 میں شامل تھے دوسری ششماہی میں بھی اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔سنگاپور بدستور دوسرے نمبر (192 ممالک تک رسائی) پر ہے جبکہ جنوبی کوریا اور جرمنی (191 ممالک تک رسائی) کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔

ویزا فری یا کسی جگہ پہنچنے پر ویزا حاصل کرنے والے پاسپورٹ کی اس فہرست میں اٹلی، فن لینڈ، اسپین اور لگسمبرگ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں جن کے شہریوں کو 190 ممالک میں یہ سہولت دستیاب ہے۔189 ممالک کے ساتھ ڈنمارک اور آسٹریا کے پاسپورٹس 5 ویں نمبر پر رہے جبکہ سوئیڈن، فرانس، پرتگال، نیدرلینڈز اور آئرلینڈ کے پاسپورٹس کے حامل افراد 188 ملکوں میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔

187 ممالک میں یہ سہولت حاصل کرنے والے پاسپورٹس سوئٹزرلینڈ، امریکا، برطانیہ، ناروے، بیلجیئم اور نیوزی لینڈ کے شہریوں کے پاس ہیں، جبکہ یونان، مالٹا، چیک ریپبلک اور مالٹا کے پاسپورٹس اس فہرست میں 8 ویں نمبر پر رہے۔آسٹریلین اور کینیڈین پاسپورٹ 185 ممالک کے ساتھ 9 ویں جبکہ ہنگری کا پاسپورٹ اس فہرست میں 10 ویں نمبر پر موجود ہے۔حالیہ برسوں کے دوران سب سے زیادہ ترقی متحدہ عرب امارات نے کی ہے جو 2006 میں اس فہرست میں 65ویں نمبر پر موجود تھا لیکن اب اس کا 15 واں نمبر پر ہے۔

اس کے برعکس جن خطوں کے شہریوں کو سب سے کم ممالک میں مفت ویزا یا ایئرپورٹ پر ہی ویزا کی سہولت میسر ہے ان میں پہلے اور دوسرے نمبر پر افغانستان اور عراق کے شہری شامل ہیں، جن کو صرف بالترتیب 26 اور 28 ممالک میں یہ سہولت حاصل ہے، جبکہ شام کے پاسپورٹ کے حامل افراد صرف 29 ملکوں میں اس سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔چوتھے نمبر پر پاکستان کھڑا ہے جس کے پاسپورٹ پر 32 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت ملتی ہے جبکہ یمن اور صومالیہ کے پاسپورٹس بالترتیب 5 ویں اور چھٹے نمبر پر بدترین قرار پائے۔فلسطین کا پاسپورٹ 7 ویں، نیپال کا 8 ویں، شمالی کورین پاسپورٹ 9 ویں اور لیبیا کا پاسپورٹ 10 ویں نمبر پر رہا۔